Sunday , September 23 2018
Home / اضلاع کی خبریں / اولاد کو اسلامی خطوط پر تربیت دینے والدین کو تلقین

اولاد کو اسلامی خطوط پر تربیت دینے والدین کو تلقین

اوٹکور میں تربیتی اجتماع سے مولانا خواجہ پاشاہ کا خطاب
اوٹکور۔/10اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسلام میںانفرادیت کے بجائے اجتماعیت کو بڑی اہمیت ہے، جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ روزانہ باجماعت نماز سے لے کر حج کی سعادت تک تمام عبادات اجتماعی شکل میں انجام پاتی ہیں لیکن آج مسلمان جماعتی زندگی سے ہٹ کر انفرادی زندگی گذرنے کو اہمیت دے رہا ہے جو قرآن و حدیث کی روشنی میں جاہلیت کا کھلا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا خواجہ پاشاہ ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند نے کیا ۔ وہ کل یومی تربیتی اجتماع عام بمقام مدرسہ فیض الھدیٰ میں خطاب کررہے تھے۔ جلسہ کا آغاز جناب منظور احمد گنتہ رکن جماعت اسلامی کے درس قرآن سورۃ الحدید سے ہوا۔ اجلاس کی کارروائی برادر جاوید امرجنتہ نے چلائی۔ سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے مولانا خواجہ پاشاہ نے کہا کہ مقصد کے حصول کیلئے تنظیم اہم ذریعہ ہے اور سماج کے ہر طبقہ نے اپنی اپنی تنظیم بنالی ہے۔ جماعت اسلامی کا مقصد یہ ہے کہ اقامت دین اور راہ خدا میں استقامت اور اللہ تعالیٰ کی راہ دین کیلئے جدوجہد کرنے کا نام ہے۔ مولانا نے کہا کہ مسلمانوں کی یہ ہمہ وقتی فرض منصبی ہے کہ وہ انسانوں کو برائے سے روکے اور نیکی کی تلقین کرکے نار جہنم سے بچائے۔ مسلمانوں کو سب سے پہلے اپنے گھر اور خاندان کی اصلاح کے بعد معاشرہ کی اصلاح کیلئے کمربستہ ہونا چاہیئے۔ مولانا نے اجتماع میں شریک خواتین و حضرات پر زور دیا کہ وہ اپنی اولاد کی اسلامی خطوط پر تربیت کیلئے موثر رول ادا کریں۔ مولانا نے مزید کہا کہ یہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا طریقہ تربیت تھا کہ بت پرستی کے سورماؤں نے قبول اسلام کے بعد دنیا میں خدائی قانون کے نفاذ اور اسلام کی سربلندی کیلئے وہ کارہائے نمایاں انجام دیئے جس کی مثال ملنی مشکل ہے۔ حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم نے کچھ ایسی تربیت فرمائی کہ اسلام کے مخالف اہل عرب اسلام کی سربلندی کیلئے بڑی سے بڑی مشکل اٹھاکر اور خود جام شہادت نوش کرنے کیلئے ایک دوسرے پر سبقت لے جاتے، مولانا خواجہ پاشاہ کی تقریر سے قبل تمام مرد و خواتین جماعت اسلامی میں مختلف آیتوں کا مشقی درس رکھا گیا جس میں محمد جاوید، محمد اسحق، محمد رفیع، رحمت بیگم، کلثوم بیگم، شاہین بیگم، عبدالقیوم، عبدالخالق رکن جماعت، امیر مقامی جماعت اسلامی جناب منصور علی تاڑپتری نے حصہ لیا اور اپنے خیالات پیش کئے۔ مولانا خواجہ پاشاہ ناظم ضلع جماعت اسلامی کی دعاء کے ساتھ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔

TOPPOPULARRECENT