Thursday , December 13 2018

اولڈ سٹی میں میٹرو ٹرین کی مہم ، جناب زاہد علی خاں سے تعاون کی خواہش

ایڈیٹر سیاست سے اولڈ سٹی میٹرو جائنٹ ایکشن کمیٹی وفد کی ملاقات
حیدرآ باد۔11ڈسمبر(سیاست نیوز)اولڈ سٹی میٹر و جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ایک وفد نے ایڈیٹر روزنامہ سیاست سے ملاقات کرتے ہوئے میٹرو ریل کی پرانے شہر میں تعمیری سرگرمیوں پر جاری جدوجہد میں تعاون کی اپیل کی اور 17ڈسمبر کے مجوزہ مہا پدیاترا میںشرکت کے لئے مدعو کیا۔کنونیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی برائے میٹرو وٹی آر ایس قائد جناب راشد شریف کی قیادت میں جے اے سی سے وابستہ کانگریس ‘ سی پی آئی‘ سی پی آئی ایم‘ آواز ‘ بی جے پی کے قائدین نے ایک یادداشت بھی جناب زاہد علی خان کو پیش کی۔ جناب راشد شریف نے بتایا کہ پرانے شہر میںمیٹرو کی آمد سے قدیم شہر حیدرآباد کی ترقی کو چار چاند لگ جائیں گے۔سیاحوں کی تعداد میںبھی اضافہ ہوگا اور پرانے شہر کی مارکٹ سے خریدی کے لئے نئے شہر کے دور دراز علاقوں سے بھی لوگوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ دس لاکھ کے قریب ملازمتیں ہائی ٹیک سٹی اور مادھا پور میں نکل رہی ہیںجس پر پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ او رقابل ایک لاکھ بچوں کو ملازمت مل سکتی ہے۔ وہاں تک پرانے شہر سے آمد درفت کے لئے چار گھنٹے درکار ہیں جب کہ میٹرو ٹرین پرانے شہر میں کارگرد ہوجائے گی تو یہی مسافت صرف بیس منٹ میںطئے ہوسکتی ہے۔ پرانے شہر میںصنعت کو فروغ ملے گا او رتجارت کا شعبہ بھی ترقی کرے گا۔ اولڈسٹی میٹرو ٹرین جے اے سی مسلسل اس بات کی کوشش کررہی ہے کہ پرانے شہر میں کواریڈار دوم کے کام کاجلد سے جلد آغاز عمل میںائے اور اس کے لئے جے اے سی کی جانب سے مسلسل احتجاجی پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اسی ضمن میں17ڈسمبر کو ایک مہا پدیاترا منعقد کی جائے گی ۔ جس میں شرکت کے لئے کانگریس پارٹی کے اتم کمار ریڈی‘ سی پی آئی کے چاڈا وینکٹ ریڈی‘ بی جے پی کے ڈاکٹر کے لکشمن‘ اور کشن ریڈی کے علاوہ رضاکارانہ تنظیموں کے سربراہان اور پرانے شہر میںمیٹرو کی آمد کے لئے بے چین دانشواروں کو بھی مدعو کیاگیاہے۔ جن لوگوں کو بھی مجوزہ احتجاجی پروگرام کے لئے مدعو کیاگیا ہے ان تمام نے اس میںشرکت کا وعدہ کیااور بھروسہ دلایا کہ ان کی پارٹی پرانے شہر میںمیٹرو ٹرین کی آمد کے لئے کی جارہی کوششوں کے لئے مکمل تعاون کریگی۔

TOPPOPULARRECENT