Friday , November 17 2017
Home / اضلاع کی خبریں / اولیاء کرام کی تعلیمات پر عمل سے ملک و قوم کی ترقی ممکن

اولیاء کرام کی تعلیمات پر عمل سے ملک و قوم کی ترقی ممکن

کلوا کرتی میں عرس کے موقع پر رکن اسمبلی ومشی چند ریڈی کا اظہار خیال
کلوا کرتی /11 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلوا کرتی میں جاری حضرت رکن الدین اولیاء رحمۃ اللہ علیہ کی عرس تقاریب میں آج مقامی ایم ایل اے ڈاکٹر چلا ومشی چند ریڈی نے شرکت کرتے ہوئے مزار پر چادر گل پیش کی اور کافی دیر تک مزار کے قریب بیٹھ کر اولیاء کرام کی تعلیمات پر توجہ مرکوز کی۔ اس دوران انھوں نے درگاہ کمیٹی کے ارکان سے کافی دیر تک بات چیت کی اور دیگر ترقیاتی کاموں پر ان کی رائے حاصل کی۔ اس موقع پر عوام کے لئے احاطہ درگاہ میں طعام عام کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں بلالحاظ مذہب و ملت عوام نے شرکت کرتے ہوئے فیض حاصل کیا۔ اس منظر کو دیکھ کر ومشی چند ریڈی نے کہا کہ ہمارا ملک صوفیوں کے طرز عمل کو اپنانے میں اپنا ثانی نہیں رکھتا۔ ہمارے ملک میں سیکڑوں کی تعداد میں اولیاء کرام و بزرگان دین کے مزارات ہیں، جن کے فیض سے یہ ملک ایک ترقی یافتہ ملک بن رہا ہے، جب کہ ان بزرگوں کی تعلیمات پر عمل کرکے ہر شخص ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی حقیقی ترقی ان بزرگان دین کی تعلیم اور ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے میں مضمر ہے۔ ان بزرگوں نے انسانوں کو خدا سے قریب کرنے کا کام انجام دیا، جب کہ ان کی تعلیم یہ تھی کہ کوئی شخص کسی انسان کو دکھ پہنچاکر اپنے خدا کو راضی نہیں کرسکتا اور جو شخص کسی انسان کو تکلیف دے گا، خدا اسے اسی دنیا میں سزا دے گا۔ انھوں نے درگاہ کے انتظامات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے درگاہ کمیٹی کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی۔ واضح رہے کہ حضرت رکن الدین رحمۃ اللہ علیہ کا عرس شریف ہر سال ۲۴،۲۵ اور ۲۶؍ ذی الحجہ کو ہوتا ہے، جس میں ہزاروں کی تعداد میں بلالحاظ مذہب و ملت عوام شریک ہوتے ہیں۔ اس موقع پر ایم ایل اے کے ہمراہ محمد مقبول کونسلر، محمد ظہیر یوتھ کانگریس، محمد عبد القدیر، وشنو وردھن ریڈی، محمد اعجاز، منیرالدین خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT