Monday , December 11 2017
Home / سیاسیات / اومابھارتی اور کلیان سنگھ استعفیٰ دیں: سی پی آئی

اومابھارتی اور کلیان سنگھ استعفیٰ دیں: سی پی آئی

نئی دہلی، 19اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا نے بابری مسجد شہادت مقدمہ میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے مدنظر آبی وسائل کی مرکزی وزیر اومابھارتی کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ راجستھان کے گورنر کلیان سنگھ کو اخلاقی بنیادوں پر اپنا عہدہ سے مستعفی ہوجانا چاہئے اور لال کرشن اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی کو بھی سیاست سے سنیاس لے لینا چاہئے ۔پارٹی کے سینئر لیڈر اتل کمار انجان نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر کہا کہ ملک کی عدالت عظمی نے ان لوگوں کے خلاف مجرمانہ معاملہ چلانے کی اجازت دے دی ہے ۔ اس لئے اوما بھارتی کو تو فوراً استعفیٰ دے دینا چاہئے اور کلیان سنگھ کو بھی اخلاقی بنیادوں پر استعفیٰ دے دینا چاہئے ۔ انہیں دفعہ 261 کے تحت کسی طرح کی کوئی چھوٹ نہیں ملنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اوما بھارتی نے بابری مسجد انہدام کے لئے نہ صرف اشتعال پھیلایا بلکہ مسجد کے گرنے کے بعد بھی انہوں نے خوشی کا اظہار کیا تھا ۔ ملک اس واقعہ کونہیں بھول پایا ہے ، اس لئے انہیں فوراً استعفیٰ دے دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ اترپردیش کے اس وقت کے وزیر اعلی کلیان سنگھ نے سپریم کورٹ میں یہ حلف نامہ دیا تھا وہ مسجد کی حفاظت کریں گے اور بین ریاستی کونسل میں بھی انہوں نے یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ مسجد کی حفاظت کریں گے لیکن انہوں نے مسجد کو شہید ہونے دیا اس لئے انہیں اخلاقی بنیاد پر استعفیٰ دے دینا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ جین حوالہ معاملے میں اڈوانی جی نے استعفیٰ دے دیا تھا لیکن یہ معاملہ تو اس سے بھی سنگین ہے اس لئے اڈوانی جی کو تو اب عوامی زندگی سے سنیاس لے لینا چاہئے ۔ اسی طرح جوشی کو بھی استعفیٰ دے دینا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ عدالت نے بہت اچھا فیصلہ دیا ہے ۔ عدالت کو فوراً سماعت کرکے قصورواروں کو سز ا دینی چاہئے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT