Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کے تحت ادخال درخواست تاریخ کا اختتام

اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کے تحت ادخال درخواست تاریخ کا اختتام

460 درخواست کا ادخال ، اندرون ہفتہ درخواستوں کی جانچ
حیدرآباد۔12 اکٹوبر (سیاست نیوز) اقلیتی طلبہ کے لیے بیرونی ملک تعلیم کے سلسلہ میں اوورسیز اسکالرشپ اسکیم سے استفادہ کے لیے درخواست داخل کرنے کی مہلت آج شام ختم ہوگئی۔ شام 5 بجے تک اس اسکیم کے تحت جملہ 460 درخواستیں داخل کی گئیں جن میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کی تعداد 338 ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بتایا کہ ایسے طلبہ جنہوں نے ابھی تک اپنی اسنادات کی ہارڈ کاپی داخل نہیں کی ہے انہیں فوری داخل کردینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 100 سے زائد درخواست گزاروں نے ابھی تک اپنی ہارڈ کاپی جمع کرائی ہے۔ ہارڈ کاپی کے بغیر درخواستوں کی جانچ میں دشواری ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندرون ایک ہفتہ تمام درخواستوں کی جانچ مکمل کرلی جائے گی اور مستحق امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسکیم کے لیے کم سے کم نشانات کی حد 60 فیصد مقرر کی گئی ہے تاہم امیدواروں کا انتخاب زیادہ سے زیادہ نشانات حاصل کرنے والے امیدواروں سے ہوگا۔ جس امیدوار کا فیصد جس قدر بہتر ہوگا اسے اسی ترجیح کے اعتبار سے فہرست میں جگہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے لیے جاری کردہ بجٹ کے مطابق ہی امیدواروں کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ موجودہ بجٹ کے لحاظ سے توقع کی جارہی ہے کہ 140 طلبہ اسکیم سے استفادہ کے لیے اہل قرار پائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT