Wednesday , May 23 2018
Home / شہر کی خبریں / اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کے تحت 335 طلباء استفادہ کے اہل

اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کے تحت 335 طلباء استفادہ کے اہل

اسٹیٹ لیول سلیکشن کمیٹی کا اجلاس ، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کا بیان

حیدرآباد ۔12۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) اقلیتی طلبہ کیلئے حکومت کی اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے تحت 335 طلبہ کو اسکیم سے استفادہ کا اہل قرار دیا گیا۔ ریاستی سطح کی سلیکشن کمیٹی نے آج اپنے اجلاس میں مستحق طلبہ کی فہرست کو منظوری دی ہے ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کی صدارت میں اسٹیٹ لیول سلیکشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر ٹکنیکل ایجوکیشن ، ڈائرکٹر سوشیل ویلفیر اور وائس چانسلر جے این ٹی یو کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے امیدواروں کے نشانات کے فیصد کے اعتبار سے تیار کردہ فہرست کا جائزہ لے کر 335 امیدواروں کو منتخب کیا گیا جبکہ اس اسکیم کے تحت جملہ 534 درخواستیں داخل کی گئی۔ اسکیم سے استفادہ کے اہل امیدواروں میں 333 پوسٹ گریجویشن اور دو پی ایچ ڈی کورس کے امیدوار ہیں۔ 39 طالبات کو اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کا اہل قرار دیا گیا ہے۔ اسکیم کے آغاز کے بعد سے پہلی مرتبہ کسی بیاچ میں 335 طلبہ بیرون ملک یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم کیلئے اسکالرشپ کے مستحق قرار دیئے گئے ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بتایا کہ کمیٹی نے 335 امیدواروں کی فہرست کے ساتھ حکومت سے سفارش کی ہے کہ درکار بجٹ جاری کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے امیدوار جنہوں نے تمام شرائط کی تکمیل نہیں کی، انہیں کمیٹی نے غور نہیں کیا ہے۔ چیف منسٹر نے اس اسکیم کے تحت تمام مستحق امیدواروں کو منتخب کرنے کی ہدایت دی جس کے مطابق کمیٹی نے 335 امیدواروں کے حق میں سفارش کی ہے۔ عمر جلیل نے بتایا کہ حکومت سے 25 کروڑ روپئے اضافی طور پر جاری کرنے کی خواہش کی گئی ہے تاکہ تمام امیدواروں کو پہلی قسط کی رقم 10 لاکھ روپئے جاری کی جائے۔ اس بیاچ کے امیدواروں کو اسکالرشپ کے طور پر دو مرحلوں میں 20 لاکھ روپئے جاری کئے جائیں گے۔ اسکیم کے آغاز کے بعد سے اب تک 592 طلبہ کا انتخاب کیا گیا۔ تیسرے مرحلہ میں 140 طلبہ منتخب کئے گئے جن کے لئے پہلی قسط کے طور پر 18 کروڑ کی اجرائی ابھی باقی ہے۔ حکومت نے جاریہ سال اسکیم کے لئے 40 کروڑ مختص کئے جس میں 12 کروڑ جاری کئے گئے ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے کہا کہ مکمل بجٹ کی اجرائی کے باوجود مزید 25 کروڑ روپئے کی ضرورت پڑیگی۔ منتخب امیدواروں کی فہرست سنٹر فار گڈ گورننس روانہ کردی گئی اور اسے آن لائین پیش کیا جائے گا ۔

TOPPOPULARRECENT