Tuesday , April 24 2018
Home / ہندوستان / اُردو ادب نہ پڑھنے سے زبان کو نقصان پہنچ رہاہے :تاوڑے

اُردو ادب نہ پڑھنے سے زبان کو نقصان پہنچ رہاہے :تاوڑے

ممبئی ۔ 14نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹر کے وزیر برائے اقلیتی امور اور تعلیم ونود تاوڑے نے کہاہے کہ اردو زبان ہندوستانی تہذیب وثقافت کی ایک شناخت ہے جس میں نزاکت وشرافت پائی جاتی ہے ۔ ہمیں یہ کہنے میں کوئی جھجک نہیں کہ اردو ہندوستان کی عزت ہے اور اس کی شیرینی سے سبھی لوگ فیضیاب ہورہے ہیں۔گزشتہ شب جنوبی ممبئی کے وائی بی چوان آڈیٹوریم میں مہاراشٹر اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے ونود تاوڑے نے مزید کہاکہ اردو میں اس ملک کی خوشبو ہے ۔ کسی دوسرے ملک کے ذریعہ اس زبان کو اپنانے کی وجہ سے یہ ہمارے لیے غیر نہیں ہوجاتی بلکہ اسکی جڑیں ہماری تہذیب وثقافت میں انتہائی گہری ہیں۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اردوادب نہ پڑھے جانے سے زبان کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔مراٹھی، ہندی کی طرح اردو زبان کافروغ بھی انتہائی ضروری ہے ۔ اردو اکیڈیمی کی اس تقریب میں وزیر مملکت دلیپ کامبلے ، سماج وادی لیڈر ابوعاصم اعظمی، اکیڈیمی ممبران قمر سید، فاروق سید، رفیق شیخ، اعجاز فاطمہ پاٹنکر وغیرہ موجود تھے ۔ اس بار سال 2015ء اور2016 ء کیلئے انعامات کااعلان کیاگیا ہے ، مرزاغالب لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کے لیے مصنف فضیل جعفری اورقاضی عبدالستارکے ناموں کااعلان کیاگیالیکن علالت کے سبب دونوں نے شرکت سے معذوری ظاہرکی۔اس موقع پر ولی دکنی ایوارڈ، نیو ٹیلنٹ، لے آؤٹ ڈیزائننگ، صحافتی اوردیگر انعامات اور خصوصی ایوارڈز دیئے گئے ۔

TOPPOPULARRECENT