Sunday , June 24 2018
Home / ہندوستان / اُردو میں حلف لینے پر بی ایس پی کارپوریٹر کیخلاف کیس درج

اُردو میں حلف لینے پر بی ایس پی کارپوریٹر کیخلاف کیس درج

علیگڑھ 14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) علیگڑھ میونسپل کارپوریشن میں اُردو میں حلف اُٹھانے پر زور دینے پر بہوجن سماج وادی پارٹی کے واحد کارپوریٹر مشرف حسین کے خلاف مذہبی جذبات کو بھڑکانے کی کوشش کا کیس درج کرلیا گیا ہے۔ بنادیوی پولیس کے مطابق بی جے پی کارپوریٹر پشپیندر سنگھ کی شکایت کئے جانے کے بعد مشرف حسین کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 295A کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس اسٹیشن انچارج جیتندر ڈکشٹ نے آج یہ بات بتائی۔ پشپیندر سنگھ نے مبینہ طور پر بی ایس پی کارپوریٹر پر الزام عائد کیاکہ اُنھوں نے پیر کے دن اُردو میں حلف اُٹھانے کی ضد کرتے ہوئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے کی کوشش کی ہے۔ تاہم پولیس نے مشرف حسین کی جانب سے یہ شکایت کئے جانے پر کہ اُن کے ساتھ کارپوریشن میں اُنھیں مارپیٹ کی گئی۔ ابھی تک کسی کے خلاف پولیس نے کیس درج نہیں کیا ہے۔ دفعہ 295A کے تحت جان بوجھ کر مذہبی جذبات کو بھڑکانے اور کسی بھی مذہب کی توہین کرنے پر یہ دفعہ عائد کی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز علیگڑھ میونسپل کارپوریشن میں نومنتخبہ کارپوریٹرس کی حلف برداری تقریب میں مشرف حسین کے اردو میں حلف لینے کے اعلان پر بی جے پی ارکان نے زبردست ہنگامہ آرائی کی اور اُنھیں شدید زدوکوب کا نشانہ بنایا۔

TOPPOPULARRECENT