Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / اُردو یونیورسٹی کے کورسز کے متعلق ریاست گیر بیداری مہم کا آغاز

اُردو یونیورسٹی کے کورسز کے متعلق ریاست گیر بیداری مہم کا آغاز

اقلیتی کمیشن کا اردو یونیورسٹی کو ہر ممکنہ مدد کی فراہمی کاتیقن۔ عابد رسول خان کا خطاب
حیدر آباد، 5 ؍فروری ( پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں دستیاب بے شمار کورسز کو طلبہ برادری سے روشناس کروانے کے لیے اقلیتی کمیشن ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش، یونیورسٹی کے تعاون سے ایک تحریک چلائے گا۔ اس بات کا اظہار جناب عابد رسول خان، صدر نشین کمیشن نے آج اردو یونیورسٹی کے ڈی ڈی ای آڈیٹوریم میں ’’نوجوانوں کے لیے اکیڈمک اور پیشہ ورانہ تعلیمی مواقع‘‘ کے عنوان سے منعقد ایک سمینار میں کیا۔ اس سمینار کا اہتمام اردو یونیورسٹی اور اقلیتی کمیشن نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر نے پروگرام کی صدارت کی۔جناب عابد رسول خان نے کلیدی خطبہ میں کہا کہ اردو یونیورسٹی میں بڑی تعداد میں سائنسی ، پیشہ ورانہ ، تکنیکی اور دیگر کورسز دستیاب ہیں لیکن مقامی عوام ان سے صحیح طور پر فائدہ نہیں اٹھاپارہے ہیں۔ لہٰذا اس سلسلہ میں کمیشن، اُردو یونیورسٹی کے ساتھ دونوں ریاستوں میں گھر گھر تعلیمی بیداری پیدا کرنے کے لیے ایک پر زور تحریک چلائے گا۔ یہ سمینار اسی سلسلہ کا پہلا قدم ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی کو تعلیم و تدریس کا ایسا شاندار مرکز بنانا ہے جس سے خصوصی طور پر اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی پسماندگی دور ہوسکے۔ انھوں نے تیقن دیا کہ ریاستی اقلیتی کمیشن اردو یونیورسٹی کو ہر طرح سے مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ یونیورسٹی مضبوطی اور قوت کے ساتھ اپنا کام کرسکے اور حکومت کے سبھی اسکیموں کا فائدہ اقلیتوں تک پہنچ سکے۔جناب عابد رسول خاں نے وائس چانسلر سے درخواست کی کہ وہ یونیورسٹی میں اساتذہ کی ایک ایسی معاون ٹیم تشکیل دیں کہ وہ دونوں ریاستوں کے ہر ضلع ‘ گاؤں اور قریہ تک پہنچ کر اردو یونیورسٹی اور اس کے کورسز کو متعارف کرائے نیز طلبہ اور ان کے والدین کو اردو یونیورسٹی میں داخلہ لینے اور اس یونیورسٹی سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہونے کی ترغیب دے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم پرویز نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ اردو زبان میں تعلیم حاصل کرنا طلبہ کے حصول روزگار کے لیے کوئی رکاوٹ نہیں ہے البتہ آج کی ضرورت کے مطابق انہیں انگریزی زبان سے بھی واقف ہونا لازمی ہے۔ اس کے لیے یہ یونیورسٹی انگریزی زبان دانی کا کورس جلد ہی شروع کرنے جارہی ہے تاکہ طلبہ میں بہتر ترسیلی مہارتیں (Communication Skills) پیدا کی جاسکیں اور انہیں مارکٹ کی ضرورت کے مطابق ڈھالا جاسکے۔ ڈاکٹر اسلم پرویز نے بتایا کہ مدرسوں کے طلبہ کو یونیورسٹی سے زیادہ سے زیادہ مستفید کرنے کے لیے جلد ہی برج کورسز کا آغاز کیا جائے گا تاکہ وہ تعلیم کے اصل دھارے میں شامل ہوسکیں اور یونیورسٹی میں دستیاب مختلف کورسز سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرسکیں۔اس سے قبل پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ نے یونیورسٹی کے کورسز کا تعارف پیش کیا۔ پروفیسر عبدالعظیم نے یونیورسٹی کے مختلف کوچنگ سنٹرس کا تعارف کرایا۔ یونیورسٹی کے میڈیا کو آرڈینیٹر جناب میر ایوب علی خان نے کاروائی چلائی۔

TOPPOPULARRECENT