Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / اُمت مسلمہ میں اتحاد ، قائد ملت کا عظیم کارنامہ

اُمت مسلمہ میں اتحاد ، قائد ملت کا عظیم کارنامہ

کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ایک بنو، نیک بنو کا قول ہر دور میں اہمیت کا حامل
حیدرآباد 9 اپریل (پریس نوٹ) قائد ملت نواب بہادر یار جنگؒ کی برسی کے موقع پر مرکزی انجمن مہدویہ میں منعقد جلسہ یاد قائد ملت کے مقررین نے قائد ملت کا ضرب المثل قول یاد دلاتے ہوئے عامۃ المسلمین پر زور دیا کہ وہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر متحد ہوتے ہوئے ’’ایک اور نیک بنیں‘‘۔ انجمن کے صدر عادل محمد خان کی صدارت میں منعقدہ اس جلسہ کا آغاز حافظ و قاری سید مجتبیٰ حنان مجتہدی کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ قائد ملت تقریری مقابلوں کے انعام یافتگان محمد محمود (کالج گروپ) کے علاوہ اسکول گروپ کی عائشہ فاطمہ اور سیدہ اسماء کاظمی نے انتہائی مؤثر انداز میں شعلہ بیانی کے ساتھ فکرانگیز خطاب کرتے ہوئے سامعین سے خوب داد وتحسین حاصل کی۔ جناب احتشام الحسن نے اپنے خطاب کے دوران قائد ملت نواب محمد بہادر خان کی شخصیت، حیات اور کارناموں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہاکہ قائد ملت نے اپنے دور میں میلادالنبی ﷺ کے جلسوں کے ذریعہ ملت کی اصلاح اور دینی شعور کی بیداری کا ذریعہ بنایا تھا۔ وکٹری پلے گراؤنڈ کے تاریخی جلسہ میلادالنبی صلی اللہ علیہ و سلم میں آصف سابع نواب میر عثمان علی خاں کی تشریف آوری کا بھی اُنھوں نے حوالہ دیا اور کہاکہ نواب بہادر یار جنگ نے جو لسان اُمت بھی کہلائے جاتے تھے اپنے سحر انگیز خطاب کے ذریعہ اُمت مسلمہ میں ایک فکری انقلاب برپا کیا تھا جس سے اُس دور کے مسلمان قرآن، حدیث و سنت نبوی ﷺ پر خلوص دل سے عمل کرتے ہوئے ایک اور نیک بن گئے تھے۔ مہمان خصوصی جناب شاہد غلام رسول خاں نے کہاکہ خدا کے سچے پرستار، نبی ﷺ کے عاشق، اسلام کے جیالے، اقبال کے شاہین، انصاف کے نگہبان، غریبوں کے غمگسار اور مفلسوں کے مددگار تھے۔ قائد ملت کی زندگی کا مشن دین و دنیا میں مسلمانوں کی کامیابی و کامرانی کو یقینی بنانا تھا۔ جناب شبیر علی خاں شبیر اور جناب سید علی عادل تشریف اللّٰہی نے منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ انجمن کے صدر عادل محمد خان نے تقریری مقابلوں کے انعام یافتگان میں انعامات تقسیم کئے اور خطاب میں کہاکہ قرآن و حدیث کے مطابق زندگی گزارنے قائد ملت کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے اُمت مسلمہ کو دین و دنیا میں کامیابی و کامرانی حاصل کرنا چاہئے۔

TOPPOPULARRECENT