Sunday , September 23 2018
Home / Top Stories / اُمت مسلمہ کو آپس میں اتحاد و اتفاق، محبت و اُخوت ، بھائی چارہ اور خلوص کو فروغ دینے کی تلقین

اُمت مسلمہ کو آپس میں اتحاد و اتفاق، محبت و اُخوت ، بھائی چارہ اور خلوص کو فروغ دینے کی تلقین

دونوں شہروں میں عیدالفطر خشوع و خضوع سے منائی گئی، ائمہ کا خطاب، عیدگاہوں اور مساجد میں لاکھوں فرزندان توحید کی شرکت

حیدرآباد۔17جون(سیاست نیوز) امت مسلمہ آپس میں اتحاد و اتفاق ‘ محبت و اخوت ‘ بھائی چارہ اور خلوص کو فروغ دیں ۔ مسلمانوں میں مسلک‘ عقیدہ اور مکتب فکر کے نام پر نفاق پیدا کرنے کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے موجودہ حالات میں دنیا کو اس بات کا پیغام دیں کہ ہم ان سازشوں کو شکار ہونے والے نہیں ہیں بلکہ ان سازشوں کا مقابلہ ہم کرسکتے ہیں۔ امت کے متمول طبقہ کو چاہئے کہ اپنے غریب بھائی بہنوں کے مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی کا مظاہرہ کریں تاکہ ان کی بھی زندگیاں بہتر ہو سکیں۔ نماز عید الفطر کے موقع پر دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کی مختلف عیدگاہوں اور مساجد کے علاوہ میدانوں میں نماز عید سے قبل خطیب حضرات نے اپنے خطاب کے دوران امت مسلمہ کو متحد ہونے کی تلقین کی ۔ نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع عید گاہ میرعالم میں دیکھا گیا جہاں لاکھوں مسلمانوں نے نماز عید الفطر ادا کی ۔ نماز عید الفطر کی امامت مولانا محمد رضوان قریشی خطیب و امام مکہ مسجد نے کی اور خطبہ دیا۔ خطبہ کے دوران انھوں نے مسلمانان عالم کی فتح و نصرت اور مسجد اقصی کی بازیابی کیلئے خصوصی دعاء کی اور فلسطین کے مظلوموں کی نصرت کیلئے دعاء کی گئی ۔ قبل ازیں مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ امیر امارت ملت اسلامیہ اور مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ شیخ الادب جامعہ نظامیہ نے اردو میں فضائل عیدالفطر بیان کئے ۔ مولانا حسام الدین جعفر پاشاہ نے اپنے خطاب کے دورا ن کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں امت میں پھوٹ اور رخنہ پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ان سازشوں کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عیدین ‘ حج اور جمعہ کے اجتماعات کا مقصد ہی دنیا کو ہماری اجتماعیت کا پیغام دینا ہے ۔ مولانا جعفر پاشاہ نے محلہ واری اساس پر عائلی مسائل کو حل کرنے اور مسلمانو ںکے خاندانی مسائل کو عدالتو ںتک پہنچنے سے روکنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مساجد کمیٹیوں کے ذمہ داروں کو اس سلسلہ میں کام کرنے کا مشورہ دیا ۔ مولانا ڈاکٹر سیف اللہ نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے بعد بھی نمازیں اسی طرح فرض ہوتی ہیں جس طرح رمضان المبارک کے دوران ہوتی ہیں اسی لئے اس کے بعد بھی نمازوں کی پابندی کرنی چاہئے ۔ انہو ںنے مسلمانوں میں انتشار کی کیفیت کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد و اتفاق کے ذریعہ ہی ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ مولانا محمد سیف اللہ نے فضائل عید الفطر بیان کرتے ہوئے مساجد اور دینی اداروں کی امداد کے علاوہ ان کے استحکام میں تعاون کی اپیل کی۔ عید گاہ میر عالم میں لاکھوں مسلمانوں نے نماز عید الفطر ادا کی لیکن ناقص انتظامات پر بیشتر افراد نے شدید برہمی کا اظہار کیا ۔عیدگاہ میر عالم میں لاؤڈ اسپیکر کے ناقص انتظامات کے علاوہ باہر جائے نمازوں کا انتظام نہ کئے جانے پر بھی عوام میں ناراضگی دیکھی گئی ۔ نماز عید کے موقع پر عید گاہ میں نماز کی ادائیگی کیلئے پہنچنے والی اہم شخصیتوں میں جناب الحاج محمد سلیم صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ ورکن قانون ساز کونسل ‘ جناب اسد الدین اویسی رکن پارلیمنٹ‘ جناب شاہنوازقاسم کے علاوہ دیگر شامل ہیں۔ کمشنر پولیس مسٹر انجنی کمار سنہا کی جانب سے عید گاہ میر عالم میں مسلمانوںکو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی گئی اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنہ ‘ مسٹر کے بابو راؤ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹریفک حیدرآباد کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ محکمہ برقی، محکمہ آبرسانی ‘ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کے خصوصی کیمپ بھی عیدگاہ میر عالم میں لگائے گئے تھے ۔نماز عید کا دوسرا بڑا اجتماع عید گاہ بلالی ہاکی گراؤنڈ میں دیکھا گیا جہاں مولانا مفتی تجمل حسین نے نماز عید کی امامت کی اور خطبہ دیا قبل ازیں مولانا سید شاہ جمال الرحمن قادری نے فضائل عید بیان کئے ۔ ریڈ ہلز پلے گراؤنڈ میں مولانا عبید الرحمن اطہر ندوی کی امامت میں نماز عید الفطر ادا کی گئی ۔

شاہی مسجد باغ عامہ میں بھی عیدالفطر کے موقع پر مسلمانوں کی بڑی تعداد دیکھی گئی جہاں مولانا محمد بن عبدالرحمن الحمومی نے نماز عید الفطر کی امامت کی اور خطبہ دیا قبل ازیں مولانا ڈاکٹر احسن بن محمد عبدالرحمن الحمومی نے فضائل عیدالفطر بیان کئے ۔عید گاہ اجالے شاہ ؒ میں نماز عید سے قبل مولانا محمد خالد سیف اللہ رحمانی نے فضائل عید الفطر بیان کئے جبکہ مولانا حافظ و قاری عمران تقی الدین شرفی نے نماز عید کی امامت کی اور خطبہ دیا ۔عیدگاہ عنبر پیٹ میں نماز عید سے قبل مولانا ڈاکٹر سید حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے فضائل عید الفطر بیان کئے جبکہ مولانا محمد عبدالعلی صدیقی نے نماز عید کی امامت و خطبہ دیا۔ عید گاہ قدیم مادنا پیٹ‘ عید گاہ بالامرائی ‘ عید گاہ گنبدان قطب شاہی‘ عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ کے علاوہ تاریخی مکہ مسجد‘جامع مسجد بارکس‘ مسجد عزیزیہ ‘ مسجد بغدادی ٹیک نامپلی ‘ جامع مسجد اہلسنت چلکل گوڑہ ‘ جامع مسجد مشیرآباد کے علاوہ شہر کی دیگر مساجد میں بھی نماز عید الفطر کے موقع پر کثیر تعداد میں مسلمانوں نے نماز عید الفطر ادا کی اور ایک دوسرے سے بغلگیر ہوتے ہوئے مبارکباد پیش کی ۔

TOPPOPULARRECENT