Sunday , December 17 2017
Home / ہندوستان / آئی ایس آئی جاسوسی ، ملزم کی پولیس تحویل میں توسیع

آئی ایس آئی جاسوسی ، ملزم کی پولیس تحویل میں توسیع

نئی دہلی 3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی عدالت نے پاکستانی انٹلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی کیلئے مبینہ طور پر جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیفیت اللہ خان کی 10 ڈسمبر تک پولیس تحویل میں توسیع کردی۔ 44 سالہ کیفیت اللہ خان کو پولیس ریمانڈ ختم ہونے پر آج چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ سنجے کھنگوال کے روبرو پیش کیا گیا۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے تفتیش کے لئے تحویل میں توسیع کی خواہش کی اور کہاکہ ایک وسیع تر سازش کو بے نقاب کرنے کے لئے یہ ضروری ہے۔ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ کیفیت اللہ خان جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں واقع ایک ہائی اسکول میں اسسٹنٹ لائبریرین کی حیثیت سے کام کرتا تھا۔ وہ پاکستانی آئی ایس آئی کارندے فیصل سے مسلسل ربط میں تھا اور حساس معلومات اسے فراہم کررہا تھا۔ عدالت نے جب یہ پوچھا کہ معلومات فراہم کرنے پر کیفیت اللہ خان کو کتنی رقم مل رہی تھی، پولیس نے بتایا کہ معلومات کی نوعیت کے اعتبار سے 40 تا 60 ہزار روپئے کی رقم ملا کرتی تھی۔ پولیس نے یہ بھی کہاکہ کیفیت اللہ خان کے پاس سے کئی حساس دستاویزات برآمد ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک اور گرفتار معاون ملزم عبدالرشید بی ایس ایف ہیڈ کانسٹبل کے بیان میں مطابقت کا پتہ چلانے کے لئے تحویل میں توسیع ضروری ہے۔ پولیس نے کہاکہ کیفیت اللہ خان یہ اطلاعات و دستاویزات عبدالرشید سے حاصل کرتا اور پھر اسے پاکستان میں موجود آئی ایس آئی کارندوں کو بھیج دیتا۔

TOPPOPULARRECENT