Thursday , November 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں کوہلی اور سرفراز پہلی مرتبہ کپتان

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں کوہلی اور سرفراز پہلی مرتبہ کپتان

برمنگھم۔28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد آئی سی سی کا دوسرا بڑا ٹورنامنٹ چیمپیئنز ٹرافی ہے جو آئندہ ہفتے انگلینڈ میں شروع ہو رہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں آئی سی سی کی عالمی درجہ بندی میں پہلی آٹھ پوزیشنز پر موجود ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ان ٹیموں میں پاکستان، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انڈیا، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ شامل ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ان ٹیموں میں سے چھ ٹیمیں ایسی ہیں جن کے کپتان پہلی مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی میں اپنی ٹیم کی قیادت کے فرائض نبھائیں گے۔ سری لنکا اور جنوبی افریقہ وہ دو ٹیمیں ہیں جن کے کپتان اس سے قبل سنہ 2013 میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی میں بھی کپتانی کر چکے ہیں۔اس ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ کپتانی کرنے والے کھلاڑیوں میں سرفراز احمد، وراٹ کوہلی، ایئن مورگن، سٹیون سمتھ، مشرفی مرتضیٰ اور کین ولیمسن شامل ہیں۔ان آٹھ ٹیموں میں سے جنوبی افریقہ کے اے بی ڈولیئرز اور سری لنکا کے اینجلو میتھیوز وہ کھلاڑی ہیں جو اس سے قبل بھی چیمپیئنز ٹرافی میں کپتانی کر چکے ہیں۔پاکستان کی ایک روزہ کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اس ٹورنامنٹ میں سے سب کم تجربہ رکھنے والے کپتان ہوں گے۔ رواں سال فروری میں اظہر علی کے کپتانی سے مستعفی ہونے کے بعد سرفراز احمد کو یہ ذمہ داری سونپی گئی۔ ان کی کپتانی میں اب تک پاکستان نے چار ایک روزہ میچ کھیلے ہیں جن میں سے تین میں انھیں کامیابی اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انڈیا کو ورلڈ ٹی 20، ایک روزہ میچوں کا عالمی کپ اور چیمپیئنز ٹرافی جتوانے والے کپتان مہیندر سنگھ دھونی کی جانب سے کپتانی چھوڑنے کے بعد وراٹ کوہلی کو کپتان بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔2013 میں کپتانی سنبھالنے کے بعد سے وراٹ کوہلی اب تک کل 20 میچوں میں انڈین ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں جن میں سے صرف چار میچوں میں انھیں شکست جبکہ 16 میچوں میں کامیابی ہوئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT