Saturday , November 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / آئی سی سی کا ورلڈالیون پاکستان بھیجنے کا اعلان

آئی سی سی کا ورلڈالیون پاکستان بھیجنے کا اعلان

لندن ۔ 24جون (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے لندن میں ہونے والے سالانہ اجلاس کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لئے رواں سال ستمبر میں ورلڈ الیون بھیجنے کا اعلان کردیا۔آئی سی سی کے بموجب پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان 4 ٹی ٹوئنٹی میچوں کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا ہے جو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی جانب ایک قدم ہوگا۔آئی سی سی کے اعلان کے مطابق تمام میچوں کو بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچوں کا درجہ دیا جائے گا جو لاہور میں کھیلے جائیں گے جبکہ اس حوالے سے مزید تفصیلات بعد میں جاری کردی جائیں گی۔خیال رہے کہ انگلینڈ میں اوول کے میدان میں چمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف ہندوستان کو شکست دینے کے بعد پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر دونوں نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی امید ظاہر کی تھی۔مکی آرتھر نے کہا کہ رواں سال ستمبر میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز ورلڈ الیون کے ساتھ ہوں گے اور امید ہے کہ اس کے ساتھ ہی بین الاقوامی کرکٹ بحال ہوجائے گی۔کپتان سرفراز نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اس کامیابی سے پاکستان کرکٹ ترقی کرے گی اور تمام کرکٹ کھیلنے والی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی۔یاد رہے کہ 2009 میں سری لنکائی ٹیم پر لاہور میں ہوئے حملے کے بعد پاکستان پر بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے اور ٹیم کو اپنی ہوم سیریز بھی متحدہ عرب امارات سمیت دیگر مقامات پرکھیلنا پڑی۔رواں سال لاہور میں پاکستان سوپرلیگ (پی ایس ایل) کے کامیاب فائنل کے بعد آئی سی سی نے رواں سال ستمبر میں ’ورلڈ الیون‘ کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔برطانوی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ میچز کے ذریعے آئی سی سی پاکستان میں سیکیورٹی کا مزید اندازہ لگائے گی جبکہ میچز کے بہترین انعقاد پر پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی راہ ہموار ہوگی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ورلڈ الیون کی غیر ملکی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم دبئی میں 17 ستمبر کو تشکیل دی جائے گی۔ لاہور میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چار میچز 22، 23، 28 اور 29 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ سیکیورٹی کے اسی طرح کے انتظامات کئے جائیں گے جیسے پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل میں کیے گئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT