Tuesday , December 11 2018

آبرسانی مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ

فلور لیڈر بلدیہ بودھن محمد عابد سیٹھ کی صدرنشین ایلیا سے نمائندگی

فلور لیڈر بلدیہ بودھن محمد عابد سیٹھ کی صدرنشین ایلیا سے نمائندگی
بودھن 25 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب محمد عابد سیٹھ فلور لیڈر بلدیہ بودھن کانگریس پارٹی نے آج صدرنشین بلدیہ بودھن مسٹر ایلیا سے ان کے چیمبر میں ملاقات کرتے ہوئے شہر میں پانی کی بڑھتی قلت اور گندگی کی جانب توجہ مبذول کروائی اور کہاکہ شہر کے بیشتر علاقوں میں برقی بورویلس کے ناکارہ ہونے کی وجہ سے عوام کو پینے کے پانی کے حصول میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور گلیوں میں موجود بیشتر اسٹریٹ لائٹس ناکارہ ہوگئے ہیں۔ ان کی تبدیلی کے تعلق سے متعلقہ محکمہ کی تساہلی کے باعث رات کے اوقات میں گھروں سے باہر کام پر نکلنے والوں کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ صدرنشین بلدیہ نے فوری طور پر متعلقہ محکمہ کے عہدیدار واسودیو ریڈی کو طلب کرتے ہوئے عابد سیٹھ کی شکایتوں کا جائزہ لینے کے بعد بلدی مسائل کی یکسوئی کے لئے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر موجود بلدی حلقہ نمبر گیارہ کے رکن بلدیہ کانگریس سید رفیع الدین رفاعی نے صدرنشین بلدیہ کی توجہ ان کے بلدی حلقہ کے مسائل کی طرف مبذول کرواتے ہوئے بتایا کہ ان کے بلدی حلقہ میں ان دنوں شدید پانی کی قلت ہے اور شربتی کنال کے کٹے کی عدم صفائی کے باعث اس کنال کے قریب تعفن پھیل رہا ہے۔ رفیع الدین رفاعی نے اپنی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بلدی حلقہ میں موجود مسائل کی فوری یکسوئی کا مطالبہ کیا۔ صدرنشین بلدیہ مسٹر ایلیا نے کہاکہ نئی کونسل برسر اقتدار آئے صرف 10 ماہ کا عرصہ گذرا لیکن شہر میں گزشتہ 10 سال سے بلدی مسائل موجود ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ارکان بلدیہ اور عوام کا تعاون رہا تو بلدی مسائل کی یکسوئی میں عملے کے افراد کو آسانی ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT