Thursday , December 14 2017
Home / کھیل کی خبریں / آج نیوزی لینڈ ۔ سری لنکا دوسرے ٹسٹ کا آغاز، زخمی ولیمسن پر توجہ

آج نیوزی لینڈ ۔ سری لنکا دوسرے ٹسٹ کا آغاز، زخمی ولیمسن پر توجہ

سیڈن پارک کی وکٹ پر دونوں ٹیموں کے اوپنرس کا سخت امتحان متوقع

ہیملٹن 17 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹسٹ کا کل یہاں آغاز ہورہا ہے اور نیوزی لینڈ نے مہمان ٹیم کے خلاف یہاں ہیملٹن میں بھی وکٹ پر گھاس چھوڑ رکھی ہے جس پر ایشیائی بیٹسمنوں کو سخت امتحان دینا پڑ سکتا ہے۔ ہیملٹن میں کل سے شروع ہونے والے ٹسٹ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پھر ایک مرتبہ مضبوط موقف میں رہے گی جیسا کہ آسٹریلیا کے خلاف منعقدہ ٹسٹ سیریز میں اس کے بیٹسمین رنز بنانے کے لئے جدوجہد کررہے تھے لیکن سری لنکا کے خلاف ڈیونیڈن میں منعقدہ پہلے ٹسٹ میں میزبان بیٹسمنوں نے فارم حاصل کرلیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے لئے اس کے اسٹار بیٹسمین کین ولیمسن توجہ کا مرکز ہوں گے جوکہ زخمی انگلی کے ساتھ ہی اس مقابلہ میں بھی شرکت کے لئے تیار ہیں۔ ولیمسن کا 2015 ء سیزن انتہائی شاندار ہے جیسا کہ انھوں نے 88.58 کی اوسط سے رنز اسکور کئے ہیں لیکن پہلے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں انھوں نے اپنی انگلی زخمی کر بیٹھے تھے جس کے باوجود پہلی اننگز میں وہ 88 اور دوسری اننگز میں 71 رنز اسکور کرنے کے علاوہ رواں برس ٹسٹ کرکٹ میں ایک ہزار رنز کا نشانہ بھی عبور کرلیا ہے۔ کل یہاں کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے اور آخری مقابلہ سے قبل اظہار خیال کرتے ہوئے ولیمسن نے کہاکہ اِن کا زخم کرکٹ کی دین ہے اور اس دین کے ساتھ ہی وہ میدان میں اتریں گے۔ عالمی درجہ بندی میں تیسرے مقام پر فائز ولیمسن اپنی ٹوٹی انگلی کے باوجود دوسرے ٹسٹ میں بہتر مظاہرہ کے لئے پُرعزم ہیں اور کہا ہے کہ یہاں کی وکٹ بولروں کے لئے سازگار ہونے کے باوجود میزبان ٹیم اپنے فتوحات کے سلسلہ کو برقرار رکھنے کے ساتھ سیریز میں ایک بہتر کامیابی حاصل کرے گی۔ نیوزی لینڈ جس نے ڈیونیڈن میں منعقدہ پہلے ٹسٹ میں 122 رنز کی کامیابی حاصل کی ہے۔ ولیمسن نے اُمید ظاہر کی ہے کہ جس ٹیم نے پہلے ٹسٹ میں کامیابی حاصل کی تھی اُسی ٹیم کے تقریباً سبھی کھلاڑی دوسرے ٹسٹ کے لئے بھی ٹیم میں موجود رہیں گے۔ نیوزی لینڈ کے لئے سری لنکائی اسپنر رنگنا ہیراتھ اصل خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں کیوں کہ سیڈن پارک کی وکٹ سے انھیں کچھ مدد مل سکتی ہے۔ کپتان انجیلو میتھیوز جن کی قیادت میں سری لنکائی ٹیم نشیب و فراز سے گزر رہی ہے اُن کے لئے یہ ایک اور امتحان ہوگا۔ نیوزی لینڈ کے لئے اوپنرس کی جوڑی کا مسئلہ تشویشناک ہے۔ حالیہ عرصہ میں مارٹن گپٹل کو بھی اننگز کے آغاز کا موقع دیا گیا جنھوں نے ڈیونیڈن ٹسٹ میں 202 رنز اسکور کئے تھے۔ گپٹن جوکہ ماضی میں کئی شاندار اننگز کھیلی ہیں لیکن سیڈن پارک کی وکٹ پر دونوں ٹیموں کے اوپنرس کو سخت امتحان سے گزرنا پڑسکتا ہے۔ سیڈن پارک میں کھیلے گئے گزشتہ تین مقابلے پانچویں دن میں داخل نہیں ہوئے اور دو مرتبہ میزبان ٹیم کو بالترتیب پاکستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی جبکہ 2013 ء میں میزبان ٹیم نے مقابلہ کے چوتھے دن ویسٹ انڈیز کو شکست دی تھی۔ علاوہ ازیں نیوزی لینڈ گھریلو میدانوں میں گزشتہ 12 مقابلوں میں ناقابل تسخیر ہے اور آئندہ مقابلہ میں وہ کامیابی یا ڈرا کے ذریعہ 1987 ء تا 1991 ء ناقابل تسخیر رہنے کے ریکارڈ کو برابر کرے گی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT