Monday , November 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / آج پاک ۔ آسٹریلیا پہلا ونڈے، مہمان ٹیم کیلئے سیریز اہم

آج پاک ۔ آسٹریلیا پہلا ونڈے، مہمان ٹیم کیلئے سیریز اہم

برسبین ۔12 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ کل یہاں کھیلا جائے گا جہاں پاکستانی ٹیم کامیابی حاصل کرتے ہوئے ورلڈ کپ تک راست رسائی کی کوشش کرے گی۔ پاکستانی ٹیم  آسٹریلیا کے خلاف مسلسل چار سیریز میں ناکام ہوچکی ہے جس میں  12 ٹسٹ مقابلوں کی ناکامی بھی شامل ہے اور اب محدود اوورس کی کرکٹ کے ساتھ ہی مہمان ٹیم نتائج کی تبدیلی کے بھی خواہشمند  ہے۔گابا میں ونڈے  سے قبل پاکستانی ٹیم اپنے گزشتہ آٹھوں مقابلوں میں  آسٹریلیا سے آسٹریلیا میں ہار چکی ہے اور اگر تمام فارمیٹس کو ملا کر مجموعی طور پر بات کی جائے تو پاکستان آسٹریلیا میں گزشتہ 15 میچوں میں شکست سے دوچار ہو چکا ہے اور آخری مرتبہ پاکستان نے دس سال قبل واکا میں میچ جیتا تھا۔ دونوں ٹیمون کے درمیان صرف ونڈے میچوں کی بات کی جائے تو بھی معاملہ زیادہ مختلف نہیں اور آسٹریلیا نے گزشتہ 20 میں سے 16 میچوں میں فتوحات حاصل کی ہیں۔ون ڈے کی عالمی نمبر ایک آسٹریلیائی ٹیم کیخلاف پاکستان کو سب سے بڑا دھکا نائب کپتان سرفراز احمد کی عدم دستیابی کی صورت میں لگا ہے جو والدہ کی علالت کے سبب وطن واپس لوٹ چکے ہیں جبکہ محمد عرفان کی والدہ انتقال کر گئیں جس کے سبب وہ بھی سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے۔پاکستانی ٹیم کیلئے سب سے بڑا امتحان ورلڈ کپ تک  راست رسائی ہے جہاں سیریز میں کلین سوئپ کی صورت میں سابق عالمی چیمپیئن کو کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑ جائے گا۔سیریز میں ایک کامیابی پاکستان کے موقف  پر اثرانداز نہیں ہو گی لیکن دو یا تین کامیابیوں کی صورت میں پاکستان کی ورلڈ تک راست رسائی کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔30 ستمبر 2017 تک میزبان انگلینڈ سمیت آئی سی سی درجہ بندی کی ابتدائی آٹھ ٹیمیں 2019 میں ہونے والے ورلڈ کپ تک راست رسائی حاصل کر لیں گی اور آخری دو ٹیموں کو کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑے گا۔اس وقت پاکستانی  ٹیم نویں نمبر پر موجود ویسٹ انڈیز سے دو نشانات آگے اور ساتویں نمبر پر موجود بنگلہ دیش سے دو نشانات  پیچھے ہے اور ورلڈ کپ تک  راست رسائی کے سلسلے میں آسٹریلیا کی سیریز انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔میچ کیلئے پاکستان کی بولنگ شعبہ کے بارے مین کوئی بات حتمی نہیں لیکن بیٹنگ کی لئے سازگار وکٹ اور متوقع گرم موسم کے پیش نظر پاکستانی ٹیم میں عماد وسیم کی شمولیت یقینی ہے جبکہ محمد حفیظ بھی ان کا ساتھ نبھانے کیلئے موجود ہوں گے۔بیٹنگ میں سرفراز احمد کی جگہ محمد رضوان کیپنگ کی ذمے داریاں سنبھالیں گے جبکہ تقریباً دو سال قبل آخری میچ کھیلنے والے عمر اکمل کی بھی قطعی کھلاڑیوں میں شرکت کا امکان ہے جس کی وجہ ٹور میچ میں جارحانہ بیٹنگ بنے۔آسٹریلیا نے ایک دن پہلے ہی اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے اور شاندار فارم کے باوجود عثمان خواجہ ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے جبکہ ایڈم زامپا کو بھی میچ پویلین میں ہی بیٹھ کر دیکھنا ہو گا۔جوش ہیزل وڈ کو آرام کا موقع دیا گیا ہے جبکہ گلین میکس ویل کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ایرون فنچ اور جارج بیلی کو ونڈے اسکواڈ سے باہر کرنے والی  سلیکشن کمیٹی نے کرس لن اور عثمان خواجہ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جبکہ نوجوان بلی اسٹین لیک پاکستان کے خلاف اپنے بین الاقوامی کریر کا آغاز کریں گے۔ گابا کرکٹ گراؤنڈ آسٹریلیا کیلئے حالیہ کچھ عرصے میں کافی خوش قسمتی کا سبب رہا ہے جہاں گزشتہ دس میں سے اسے صرف ایک میچ میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔اس میدان پر بڑا اسکور ہونے کا امکان ہے کیونکہ گزشتہ دونوں میچوں میں 300 سے زائد رنز کا ہدف حاصل کیا گیا۔ میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ممکنہ طور پر ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہو سکتی ہیں۔پاکستان: اظہر علی(کپتان)، شرجیل خان، محمد حفیظ، شعیب ملک، بابر اعظم، عمر اکمل، محمد رضوان، عماد وسیم، محمد عامر/جنید خان، وہاب ریاض اور حسن علی۔آسٹریلیا: اسٹیون اسمتھ(کپتان)، ڈیوڈ وارنر، ٹریوس ہیڈ، کرس لین، مچل مارش، گلین میکس ویل، میتھیو ویڈ، جیمز فالکنر، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور بلی اسٹین لیک۔مقابلہ کا آغاز ہندوستانی معیاری وقت کے اعتبار سے صبح 8 بجکر 50 منٹ پر ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT