Thursday , December 13 2018

آخری انتخابی مرحلہ کیلئے اعلامیہ جاری

41 حلقوں میں 12 مئی کو رائے دہی ، یوپی، بہارو بنگال کا احاطہ

41 حلقوں میں 12 مئی کو رائے دہی ، یوپی، بہارو بنگال کا احاطہ
نئی دہلی 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلہ کے لئے آج اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ یہ انتخابات 12 مئی کو 41 انتخابی حلقوں میں منعقد کئے جائیں گے جو 3 ریاستوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔ وارناسی بھی اِن میں شامل ہے جہاں سے بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی مقابلہ کررہے ہیں۔ یوپی میں 18 نشستوں، مغربی بنگال 17 نشستوں اور بہار کی 6 نشستوں کے لئے 12 مئی کو رائے دہی ہوگی۔ آخری مرحلہ میں اہم نشستیں بشمول وارناسی شامل ہیں جہاں سے مودی کا مقابلہ عام آدمی پارٹی کے صدر اروند کجریوال اور کانگریس کے امیدوار اجئے رائے سے ہوگا۔ نریندر مودی وارناسی کے علاوہ گجرات کے شہر وڈودرہ سے بھی مقابلہ کررہے ہیں۔

یوپی کے علاقہ اعظم گڑھ میں سماج وادی پارٹی کے صدر ملائم سنگھ یادو امیدوار ہیں۔ وہ مین پوری کے موجودہ رکن پارلیمنٹ ہیں۔ اِس بار وہ 2 نشستوں سے مقابلہ کررہے ہیں۔ گورکھپور میں موجودہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ آدتیہ ناتھ اپنی نشست بچانے کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔ بی جے پی مشرقی یوپی کی گورکھپور نشست پر 1989 ء سے قابض ہے۔ دیگر اہم نشستوں میں جو اِس مرحلہ میں شامل ہیں، بہار کی ویشالی بھی ہے جہاں آر جے ڈی کے موجودہ رکن پارلیمنٹ و سابق مرکزی وزیر رگھوونش پرساد سنگھ دوسری میعاد کے لئے مقابلہ کررہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے حال ہی میں ضلع کے عہدیداروں کے تبادلوں کا حکم دیا ہے جس کی عدم تعمیل کی صورت میں بعض انتخابی حلقوں میں رائے دہی متاثر ہوگی جو آخری مرحلہ میں شامل ہیں۔ 12 مئی کی رائے دہی کے لئے پرچہ جات نامزدگی کی آخری تاریخ 24 اپریل اور جانچ 25 اپریل کو مقرر ہے۔ نامزدگی سے دستبرداری کی آخری تاریخ 28 اپریل ہے۔

TOPPOPULARRECENT