Thursday , November 23 2017
Home / سیاسیات / آر جے ڈی کے 5 ارکان کونسل نامناسب رویہ پر خارج

آر جے ڈی کے 5 ارکان کونسل نامناسب رویہ پر خارج

پٹنہ 25 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی کے 5 ارکان کونسل کو بہار قانون ساز کونسل سے اُن کے نامناسب رویہ کی بناء پر باہر کردیا گیا۔ یہ ارکان کئی کروڑ روپئے کے سری جن اسکام کے خلاف احتجاج کررہے تھے جس کی وجہ سے آج ریاستی مقننہ اسمبلی کا اجلاس بار بار ملتوی ہوتا رہا۔ چیف منسٹر نتیش کمار نے جو کونسل میں موجود تھے جبکہ آر جے ڈی ارکان نے نامناسب رویہ اختیار کیا تھا، اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ارکان کونسل نے ایوان کے وقار کو مجروح کیا ہے۔ اُن کے خلاف تادیبی کمیٹی کو مزید کارروائی کرنی چاہئے۔ جب مقننہ کونسل کے اجلاس کا آغاز ہوا تو اِن ارکان نے اپنے احتجاج سے دستبردار ہونے سے انکار کردیا۔ وہ پوسٹروں اور بیانرس کے ساتھ ایوان کے وسط میں جمع ہوگئے اور حکومت مخالف نعرہ بازی کرنے لگے۔ جب ارکان کونسل نے صدرنشین کی ہدایت سننے سے انکار کردیا تو مارشلوں کو ہدایت دی گئی کہ اُنھیں اجلاس سے باہر نکال دیا جائے۔ چیف منسٹر نتیش کمار اور ڈپٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی اُس وقت ایوان میں موجود تھے۔ جے ڈی (یو) کے رکن کونسل نیرج کمار نے آر جے ڈی ارکان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT