Tuesday , September 25 2018
Home / شہر کی خبریں / آر ٹی سی بسوں کی خستہ حالی سے حادثات میں اضافہ

آر ٹی سی بسوں کی خستہ حالی سے حادثات میں اضافہ

ایندھن کی آلودگی راہروؤں کیلئے خطرناک، ٹریفک پولیس اور آر ٹی اے کی کارروائی ناگزیر

ایندھن کی آلودگی راہروؤں کیلئے خطرناک، ٹریفک پولیس اور آر ٹی اے کی کارروائی ناگزیر
حیدرآباد 12 سپٹمبر (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں چلائی جانے والی آر ٹی سی کی سٹی بس سرویس کے خلاف آر ٹی اے اور ٹریفک پولیس کی جانب سے مہم شروع کی جانا ناگزیر ہے۔ آر ٹی سی کی جانب سے چلائی جانے والی بسوں کی جو صورتحال ہے اُس سے حادثات کے خطرات میں بتدریج اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ محکمہ پولیس اور آر ٹی اے کی جانب سے خانگی گاڑی بالخصوص اسکول بس اور دیگر ذرائع حمل و نقل کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی جاتی ہیں اور قانون کے مطابق گاڑی کی حالت نہ ہونے پر چالانات کئے جاتے ہیں لیکن آر ٹی سی ایسا محسوس ہوتا ہے کہ آلودگی، ہیڈ لائیٹ اور بریک لائٹ جیسے شرائط جیسے مستثنیٰ ہے۔ چونکہ شہر میں چلائی جانے والی زائداز 3500 آر ٹی سی بسوں میں 90 فیصد بسوں کے بریک لائٹ غیر کارکرد ہے جس کی وجہ سے بس کے اچانک بریک مارنے کی صورت میں پیچھے چلنے والے مسافرین یا موٹر کاروں کو کنٹرول کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ آر ٹی سی کی جانب سے ڈرائیورس کے عہدوں پر تقرر کئے گئے عارضی ملازمین کی جانب سے اِس بات کی بھی شکایت کی جارہی ہے کہ بسوں کی حالت کے باعث حادثات رونما ہورہے ہیں۔ شہر کی اہم سڑکوں بالخصوص مصروف ترین سڑکوں پر آر ٹی سی بسوں کی آمد و رفت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ بسوں کی حالت کو بہتر بنانے کی بھی ضرورت ہے۔ چونکہ بسوں کی ناقص حالت نہ صرف بس مسافرین کے لئے نقصان کا باعث ہے بلکہ بسوں سے ہونے والی آلودگی دیگر راہروؤں کے لئے بھی خطرناک ثابت ہوتی ہے۔ اِسی طرح بسوں کے بریک لائٹس کی غیر کارکردگی کے باعث بس کے پیچھے چلنے والی گاڑیوں کو حادثات کا خطرہ لاحق ہوتا ہے بلکہ آئے دن اس طرح کے حادثات پیش آرہے ہیں۔ اِس کے باوجود اِس سلسلہ میں نہ ہی آر ٹی سی کی جانب سے کوئی کارروائی کی جارہی ہے اور نہ ہی محکمہ پولیس کی جانب سے بسوں کو بہتر بنانے کے اقدامات پر آر ٹی سی کو مجبور کیا جارہا ہے۔ حکومت کے محکمہ آر ٹی سی کی جانب سے عوامی سہولت کے لئے شہری علاقوں کے علاوہ اضلاع کے لئے بسیں چلائی جاتی ہیں لیکن بسوں کی یہ صورتحال عوام کی سہولت سے زیادہ عوام کے لئے باعث زحمت ثابت ہورہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT