Wednesday , September 19 2018
Home / شہر کی خبریں / آر ٹی سی ملازمین کو گرانی الاؤنس کی ادائیگی

آر ٹی سی ملازمین کو گرانی الاؤنس کی ادائیگی

حیدرآباد 20 مئی (سیاست نیوز) آندھراپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ملازمین کو آج اُس وقت خوشی ہوئی جب اے پی ایس آر ٹی سی انتظامیہ نے طویل مدت سے منتظر اپنے ملازمین کیلئے یکم جنوری سے واجب الادا گرانی الاؤنس میں اضافہ کا فیصلہ کیا اور اس سلسلہ میں آر ٹی سی انتظامیہ نے باقاعدہ طور پر احکامات بھی جاری کئے۔ آر ٹی سی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ ملازمین آر ٹی سی کو ایک طویل مدت سے واجب الادا گرانی الاؤنس کی رقم حاصل ہوجائے گی۔ جبکہ ملازمین آر ٹی سی کو ماہ جنوری سے 8.1 فیصد کے لحاظ سے گرانی الاؤنس (ڈی اے) ادا کئے جانے کا آر ٹی سی ملازمین یونین قائدین مسرس کے پدماکر راؤ، سید محمود اور ای اشوا دھاماریڈی نے اعلان کیا اور بتایا کہ اے پی ایس آر ٹی سی میں کنٹراکٹ کی اساس پر خدمات انجام دینے والے 1792 ملازمین بالخصوص کنڈکٹرس 1655 ڈرائیورس کی خدمات کو بھی باقاعدہ بنانے کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس سلسلہ میں آئندہ ایک دو دن میں مذکورہ کنٹراکٹ ملازمین آر ٹی سی کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے احکامات جاری کئے جانے کی قوی توقع کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں بتایا جاتا ہے کہ جاریہ سال ماہ جنوری میں 9518 ملازمین آر ٹی سی (جن کی خدمات کو باقاعدہ بنایا گیا تھا) کے واجب الادا بقایا جات کی ادائیگی کیلئے بھی آر ٹی سی انتظامیہ نے اصولی طور پر اتفاق کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT