Wednesday , May 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کیخلاف ہوم سیریز منسوخ کردی

آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کیخلاف ہوم سیریز منسوخ کردی

میلبورن۔11مئی(سیاست ڈاٹ کام)کرکٹ آسٹریلیا نے مالی وجوہات کے سبب پر رواں برس بنگلہ دیش کے خلاف مجوزہ ہوم سیریز منسوخ کر دی جس پر بنگلہ دیش نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔طے شدہ سیریز کے تحت بنگلہ دیشی ٹیم کو اگست اور ستمبر میں 2 ٹسٹ اور3 ونڈے میچوں کی سیریز کے لیے آسٹریلیا کا دورہ کرنا تھا لیکن کرکٹ آسٹریلیا نے سیریز منافع بخش نہ ہونے کی وجہ سے ہوم سیریز کی میزبانی سے ہی انکار کر دیا۔کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز آسٹریلیا میں فٹ بال سیزن سے متصادم ہے اور براڈ کاسٹر بھی کرکٹ میچز نشر کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔بورڈ نے کہا کہ ہمیں اس سیریز میں کوئی مالی فائدہ نظر نہیں آ رہا جس کے باعث سیریز کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب بی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چوہدری نے آسٹریلیا کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ مالی فوائد نہ ہونے کے سبب سیریز منسوخ کردی حالانکہ ہمیں دوطرفہ سیریز کے معاہدوں کی لاج رکھنی چاہیے چاہے وہ مالی لحاظ سے فائدہ مند ہو یا نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کرکٹ آسٹریلیا کو آئندہ برس ورلڈ کپ کے بعد دورے کی دعوت سمیت کئی دوسرے متبادل کی تجاویز دی ہیں تاہم کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔واضح رہے کہ یہ بنگلہ دیش نے آخری مرتبہ 2003 میں آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT