Saturday , November 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / آسٹریلیا کو شکست دینے کیلئے بنگلہ دیش پرعزم

آسٹریلیا کو شکست دینے کیلئے بنگلہ دیش پرعزم

ڈھاکہ۔16 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کے کپتان مشفیق الرحیم نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی نسبتاً ناتجربہ ٹیم کے پیش نظر ہمارے پاس آئندہ ٹسٹ سیریز میں انہیں شکست دینے کا شاندار موقع ہے۔واضح رہے کہ ایشز سیریز سے اب تک سابق کپتان مائیکل کلارک، براڈ ہاڈین، کرس راجرز، ریان ہیرس اور شین واٹسن کی جانب سے یکے بعد دیگرے سبکدوشی کے اعلان کے بعد دورہ بنگلہ دیش کیلئے معلنہ آسٹریلیائی ٹیم نسبتاً ناتجربہ ٹیم ہے جس میں اینڈریو فکیٹے اور کیمرون بین کرافٹ جیسے دو بالکل نئے چہرے بھی شامل ہیں۔ آسٹریلیائی ٹیم 28 ستمبر کو بنگلہ دیش پہنچے گی جہاں وہ دو ٹسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ مشفیق الرحیم نے کہا کہ اگر مہمان  ٹیم میں تجربہ کار اور بڑے کھلاڑی شامل ہوتے تو بھی بنگلہ دیش ان کیلئے آسان حریف  ثابت نہیں ہوتی لیکن اب ہمارے پاس جیتنے کا بہت اچھا موقع ہے۔انہوں نے ڈھاکہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا خیال میں ہمیں آسٹریلیا کو شکست دینے کا اس سے اچھا موقع نہیں ہوگا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹسٹ 9 تا 13 اکتوبر تک چٹاگانگ جبکہ دوسرا 17 تا 21 اکتوبر کو ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔ اس موقع پر میزبان کپتان  نے پاکستان، جنوبی افریقہ اور ہندوستان کے خلاف حال ہی میں اپنی سرزمین پر ونڈے سیریز میں حاصل ہونے والی فتوحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم اچھی اور مستقل مزاجی کے ساتھ کرکٹ کھیل رہے ہیں اور ہماری حالیہ فتوحات کی بھی یہی وجہ ہے۔ بنگلہ دیشی کپتان نے امید ظاہر کی کہ ان کی ٹیم ونڈے کی کارکردگی کو ٹسٹ میچوں میں بھی دہرا ئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم جس طرز کی کرکٹ کھیل رہے ہیں، اگر ہم اپنی تمام تر صلاحیتوں کے مطابق کھیلے تو فتح ناممکن نہیں۔ مشفیق نے کہا کہ ٹسٹ کرکٹ یقیناً ونڈے کرکٹ سے مختلف ہے لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں۔ بنگلہ دیش کو اب تک آسٹریلیا کے خلاف ہونے والے چاروں ٹسٹ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ان میں سے تین میں اسے اننگز کی شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

TOPPOPULARRECENT