Wednesday , December 13 2017
Home / کھیل کی خبریں / آسٹریلیا کو شکست ِ فاش، جنوبی افریقہ نے ٹسٹ سیریز جیتی

آسٹریلیا کو شکست ِ فاش، جنوبی افریقہ نے ٹسٹ سیریز جیتی

ہوبارٹ ٹسٹ میں میزبانوں نے اننگز اور 80 رنز سے شکست کیساتھ سیریز بھی 0-2 سے ہار دی۔ اسمتھ کی ٹیم کیلئے ذلت کی صورتحال

ہوبارٹ ، 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ نے کگیسو ربادا اور کائل ایبٹ کی تباہ کن بولنگ کی بدولت آسٹریلیا کو دوسرے ٹسٹ میچ میں اننگز اور 80 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی۔ ہوبارٹ میں دوسرے ٹسٹ کے آج چوتھے دن آسٹریلیا نے 121/2 سے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کا چیلنج درپیش تھا۔ جنوبی افریقہ کو چوتھے دن پہلی کامیابی کیلئے زیادہ دیر انتظار نہ کرنا پڑا اور پانچویں ہی اوور میں عثمان خواجہ 65 رنز بناکر وکٹوں کے پیچھے کیچ ہوئے۔ عثمان کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جو شروع ہوا تو پھر تھم نہ سکا۔ ایبٹ نے جلد ہی جے پی ڈومینی کی مدد سے آڈم ووجز کو پویلین چلتا کیا جبکہ کلم فرگیوسن کی اننگز ایک رن تک محدود رہی۔ پیٹر نیول اور کپتان اسٹیون اسمتھ نے اسکور کو بمشکل 150 تک پہنچایا ہی تھا کہ ربادا نے وکٹ کیپر بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ جو مینی اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔

دوسری طرف سے کھلاڑیوں کی پویلین واپسی کا کھیل دیکھنے والے میزبان کپتان بھی مشکلات سے دوچار نظر آئے اور انہوں نے صبح میں 40 منٹ اور گیارہ اوورز کے کھیل کے بعد اپنا پہلا رن لیا لیکن وکٹیں گرنے کے سلسلے کے دوران اُن کی ہمت بھی جواب دے گئی اور 31 رنز بنانے کے بعد وہ بھی پویلین لوٹ گئے۔ اسمتھ کی ٹیم کیلئے یہ واقعی ذلت کی صورتحال ہے۔ ایبٹ نے ناتھن لائن کو ورنن فلینڈر کے ہاتھوں کیچ کرا کر 161 رنز پر آسٹریلین ٹیم کی بساط لپیٹ کر اپنی ٹیم کو اننگز اور 80 رنز کی یادگار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔ زخمی ڈیل اسٹین کی جگہ ٹیم میں واپسی کرنے والے کائل ایبٹ نے دوسری اننگز میں چھ وکٹوں سمیت مجموعی طور پر نو وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ ربادا نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ اس میچ میں فتح کی بدولت جنوبی افریقہ نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری بھی حاصل کر لی ہے جبکہ یہ ٹسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا کی لگاتار پانچویں شکست ہے جسے اس سے قبل سری لنکا میں میزبانوں کے مقابل 3-0 کی وائٹ واش شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرا ٹسٹ اڈیلیڈ میں جمعرات 24 نومبر سے ڈے ؍نائٹ کھیلا جائے ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT