Saturday , December 16 2017
Home / کھیل کی خبریں / آصف اور سلمان پاکستانی ٹیم میں شمولیت کا حق کھو چکے : آفریدی

آصف اور سلمان پاکستانی ٹیم میں شمولیت کا حق کھو چکے : آفریدی

کراچی ، 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ٹی 20 کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ جو بھی ٹیم دباؤ میں بہتر کرکٹ کھیلے وہ میچ جیت جائے گی۔ پاکستانی کپتان کا کہنا ہے کہ وہ محمد عامر کو نیشنل ٹیم میں شامل کئے جانے کے حق میں رہے ہیں۔ تاہم ان کے مطابق اسپاٹ فکسنگ میں شامل دیگر دو کھلاڑی سلمان بٹ اور محمد آصف پاکستانی ٹیم میں شمولیت کا حق کھو چکے ہیں۔ پاکستان کے دورۂ نیوزی لینڈ کیلئے منعقدہ تربیتی کیمپ کے اختتام پر میڈیا والوں سے بات کرتے ہوئے آفریدی نے کہا: ’’محمد عامر نے عدالت میں بھی سچ بولا، اپنی سزا پوری کی اور اب وہ خاموشی سے کرکٹ بھی کھیل رہے ہیں۔ اس لئے عامر کیلئے میرے دل میں ہمیشہ سے جگہ رہی ہے۔‘‘ آفریدی سے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث دیگر دو کھلاڑیوں آصف اور سلمان کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا: ’’ جس طرح سے ان کا رویہ رہا ہے وہ ٹھیک نہیں۔ پہلے تو سلمان اور آصف دو تین سال تک جھوٹ بولتے رہے پھر بعد میں وہ ٹی وی چینلز پر نیشنل ٹیم پر تنقید کرتے رہے۔ پہلے انسان اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھے تو زیادہ بہتر ہے۔‘‘ خیال رہے کہ دورۂ نیوزی لینڈ کیلئے محمد عامر کو پاکستانی ٹی 20 اور ونڈے میچوں کیلئے پاکستانی ٹیم میں ویزا ملنے کی شرط پر شامل کیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT