Monday , November 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / آفریدی، شہزاد اور اکمل کو ٹیم سے باہر رکھنے کی تجویز

آفریدی، شہزاد اور اکمل کو ٹیم سے باہر رکھنے کی تجویز

لاہور ، 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کی سابقہ مینجمنٹ کے چند اراکین نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کو پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے شاہد آفریدی، عمر اکمل اور احمد شہزاد کو نیشنل ٹیم سے باہر رکھنے کی تجویز پیش کی ہے کیونکہ ان تینوں کے خراب رویہ کی وجہ سے ٹیم بدترین مقام تک پہنچ گئی ہے۔ معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ان کھلاڑیوں کی موجودگی میں بورڈ ایک مضبوط ٹیم تشکیل نہیں دے پائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس تجویز پر سنجیدگی سے غور کرنا شروع کردیا ہے اور وہ ان خیالات کا نئے چیف سلیکٹر سے تبادلہ خیال بھی کرے گا۔ شاہد آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی کی قیادت سے تو استعفیٰ دے دیا ہے لیکن ابھی تک ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا اور وہ بحیثیت کھلاڑی کھیلنا چاہتے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ آفریدی کے اسپانسرز نے انہیں ٹی ٹوئنٹی نہ چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ انہوں نے آل راؤنڈر پر بہت سرمایہ کاری کی ہوئی ہے حالانکہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں مایوس کن کارکردگی کے سبب ان کی مقبولیت میں پہلے کی نسبت کمی واقع ہوئی ہے۔ سابقہ ٹیم مینجمنٹ کی تجویز سے قطع نظر، پی سی بی کوچ وقار یونس اور ٹیم منیجر انتخاب عالم کی رپورٹس پر بھی غوروخوض کر رہا ہے جہاں انہوں نے بھی ان تینوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ عمر اکمل اور احمد شہزاد دونوں کو متعدد بار مختلف وجوہات کی بنا پر ٹیم سے ڈراپ کیا جاتا ہے لیکن شاہد آفریدی نے ہمیشہ ان کی اسکواڈ میں واپسی کی حمایت کی، موجود حالات میں ان تینوں خصوصاً آفریدی کو اسکواڈ سے باہر رکھنا پی سی بی کیلئے کسی امتحان سے کم نہ ہو گا۔

TOPPOPULARRECENT