Wednesday , November 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / آفریدی ٹیم میں سلمان بٹ کی شمولیت کے مخالف

آفریدی ٹیم میں سلمان بٹ کی شمولیت کے مخالف

کراچی۔8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے ٹوئنٹی20  کپتان شاہد آفریدی نے اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ سلمان بٹ کی  ٹیم میں شمولیت کی مخالفت کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے  ذرائع نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں پانچ سال سزا پوری کرنے والے سلمان بٹ کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے قوی امکانات تھے لیکن شاہد آفریدی ان کی  ٹیم کی واپسی کی راہ میں رکاوٹ بن گئے۔ ذرائع نے کہا کہ سلمان بٹ نے  لاہور میں چیف سلیکٹر ہارون رشید سے ملاقات کی جبکہ  ٹیم کے اراکین واضح کر چکے ہیں کہ انہیں اسکواڈ میں سلمان بٹ کی شمولیت سے کوئی مسئلہ نہیں لیکن آفریدی ان کی اسکواڈ میں موجودگی کے حق میں نہیں تھے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ ایشیا کپ میں پاکستانی بیٹسمینوں کی ناقص کارکردگی کے بعد سلیکٹرس بیٹنگ خصوصاً اوپننگ مسائل کو حل کرنے کیلئے سلمان بٹ کو شامل کرنے پر غور کر رہے تھے۔  ذرائع نے دعویٰ کیا کہ سلیکٹرز پاکستان ٹیم کے اوپننگ مسائل کو فوری طور پر حل کرنا چاہتے ہیں اور اسی لئے اوپنر احمد شہزاد کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ سلمان بٹ کے نام بھی غور جاری تھا۔ کپتان نے فاسٹ بولر محمد عامر کی واپسی کو تو تسلیم کر لیا تھا لیکن وہ سلمان بٹ کو دوسرا موقع دینے کے حق میں نہیں کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ سابق کپتان بدنام زمانہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کا مرکزی کردار تھے اور انہوں نے عامر کو اسپاٹ فکسنگ پر اْکسایا۔

TOPPOPULARRECENT