Saturday , September 22 2018
Home / شہر کی خبریں / آندھراپردیش میں عازمین حج کی قرعہ اندازی

آندھراپردیش میں عازمین حج کی قرعہ اندازی

تمام درخواستوں کی منظوری کیلئے چندرا بابو نائیڈو کی مساعی
حیدرآباد۔ 17 جنوری (سیاست نیوز) حج 2018ء کے لیے آندھراپردیش حج کمیٹی نے آج قرعہ اندازی کے ذریعہ تین اضلاع کے عازمین کا انتخاب مکمل کرلیا ہے۔ 10 اضلاع کے عازمین کا قرعہ اندازی کے بغیر ہی انتخاب عمل میں آیا کیوں کہ ضلع واری سطح پر الاٹ کردہ کوٹے سے کم درخواستیں موصول ہوئیں۔ وجئے واڑہ سب کلکٹر آفس میں قرعہ اندازی کے موقع پر گورنمنٹ وہپ محمد احمد شریف نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ صدرنشین آندھراپردیش حج کمیٹی مومن احمد حسین اور حج کمیٹی کے ارکان اس موقع پر موجود تھے۔ اننت پور، وشاکھاپٹنم اور وجئے نگرم میں عازمین کے انتخاب کے لیے قرعہ اندازی کی گئی۔ 96 فیصد عازمین کا قرعہ اندازی کے بغیر ہی انتخاب مکمل ہوچکا ہے۔ حج کمیٹی اس بات کی کوشش کرے گی کہ تمام درخواست گزاروں کو حج روانہ کرنے کے انتظامات کیے جائیں گے۔ آندھراپردیش حکومت ویٹنگ لسٹ کے تمام عازمین کو منتخب کرانے کی کوشش کرے گی۔ اننت پور میں 388 درخواستوں کے منجملہ 359 افراد کا انتخاب عمل میں آیا۔ 29 زائد درخواست گزاروں کے لیے قرعہ اندازی ہوئی۔ وشاکھاپٹنم میں 39 اور وجئے نگرم میں 13 عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا۔ ریاست میں 99 درخواست گزار ویٹنگ لسٹ میں شامل ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کی مساعی سے مکمل ویٹنگ لسٹ کی منظوری حاصل کرنے کا احمد شریف نے تیقن دیا۔ چتور میں 316، مشرقی گوداوری 41، گنٹور 454، کڑپہ 311، کرشنا 236، کرنول 533، نیلور 152، پرکاشم 101، سریکاکلم 5، مغربی گوداوری میں 46 عازمین کا قرعہ اندازی کے بغیر ہی انتخاب عمل میں آیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT