آندھراپردیش کابینہ کا وشاکھاپٹنم میں کل اجلاس

حیدرآباد 10 جون (پی ٹی آئی) آندھراپردیش کی نئی مجلس وزراء کا پہلا اجلاس 12 جون کو وشاکھاپٹنم میں آندھرا یونیورسٹی کیمپس میں منعقد ہوگا۔ ایک نئے وزیر سی ایچ اینا پاتروڈو کے مطابق 1954 ء کے دوران جب سابق آندھراپردیش وجود میں تھی، اُس وقت کابینہ کا ایک اجلاس آندھرا یونیورسٹی میں منعقد ہوا تھا۔ چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے مجوزہ کابینی اجلاس کے انعقاد کی تفصیلات پر آج دوپہر اپنے رفقاء اینا پاتروڈو، گنٹہ سرینواس راؤ اور دوسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ اینا پاتروڈو اور گنٹہ سرینواس کا وشاکھاپٹنم سے تعلق ہے۔ چیف منسٹر نے اپنے وزراء کو ہدایت کی کہ ترقی کو بنیادی مقصد بناکر متحدہ طور پر کام کریں۔ گنٹہ سرینواس نے چیف منسٹر کے حوالہ سے کہاکہ تمام کابینی رفقاء کی کارکردگی کا ہر تین ماہ کے وقفہ سے جائزہ لیا جائے گا۔ ’’اگر کوئی مؤثر انداز میں اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام پایا جاتا ہے تو ان کو کابینہ سے برطرف کردیا جائے گا‘‘۔

TOPPOPULARRECENT