Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / آندھرا پردیش میں بھی ٹی آر ایس شاخ کے قیام پر غور

آندھرا پردیش میں بھی ٹی آر ایس شاخ کے قیام پر غور

رکنیت سازی مہم کے دوران کئی آندھرائی قائدین نے حصہ لیا
حیدرآباد۔/4اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی مقبولیت تلنگانہ سے نکل کر آندھرا پردیش میں پھیل رہی ہے اس کا اندازہ آج اس وقت ہوا جب کھمم ضلع میں پارٹی کی رکنیت سازی کے موقع پر آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے کئی افراد نے ٹی آر ایس کی رکنیت حاصل کی اور قائدین سے مطالبہ کیا کہ آندھرا پردیش میں بھی پارٹی کی شاخ قائم کی جائے گی۔ کھمم ضلع کے مدھیرا اسمبلی حلقہ میں آج پارٹی کی رکنیت سازی مہم چلائی گئی۔ اس موقع پر ضلع کرشنا سے تعلق رکھنے والے کئی افراد پہونچے اور انہوں نے رضاکارانہ طور پر ٹی آر ایس کی رکنیت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی حکمرانی سے آندھرا پردیش کے عوام کافی متاثر ہیں، تمام طبقات کی بھلائی کیلئے چیف منسٹر کی مساعی قابل تقلید ہے۔ انہوں نے آندھرا پردیش کی تلگودیشم حکومت سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کے سی آر جیسی قیادت کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ ضلع کرشنا سے تعلق رکھنے والے افراد نے ٹی آر ایس قائدین سے اپیل کی کہ وہ آندھرا پردیش میں ٹی آر ایس کے قیام سے متعلق جذبات سے چیف منسٹر کو آگاہ کریں۔ واضح رہے کہ کل آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی آر کو ٹوئیٹ کرتے ہوئے آندھرا میں ٹی آر ایس کے قیام کی تجویز پیش کی تھی۔ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو حکومت سے اپنی مایوسی کا اظہارکرتے ہوئے یہ تجویز پیش کی جس پر کے ٹی آر نے ان سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں عوام کی بھلائی کیلئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے تاہم وہ جذبہ خیرسگالی پر اظہار تشکر کرتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT