Wednesday , May 23 2018
Home / شہر کی خبریں / آندھرا پردیش میں کشتی غرقاب 23 افراد لاپتہ ، تلاشی مہم میں شدت

آندھرا پردیش میں کشتی غرقاب 23 افراد لاپتہ ، تلاشی مہم میں شدت

راجمندری ، 16 مئی ( یو این آئی ) آندھرا پردیش کے دیوی پٹنم گاؤں میں گوداوری ندی میں ڈوبے لوگوں کی تلاش کے لئے وشاکھا پٹنم واقع بحریہ کی مشرقی کمان ( ای این سی ) کے غوطہ خوروں کی ٹیم کل دیر رات راجمندری پہنچی ۔ ذرائع کے مطابق کشتی میں کل 40 افراد سوار تھے ان میں سے کچھ افراد تیر کر محفوظ باہر نکل آئے اور کچھ کو بچا لیا گیا تھا لیکن ابھی بھی 23 افراد لاپتہ ہیں ۔ بحریہ کے ترجمان نے بتایاکہ ‘بحریہ کی مشرقی کمان کے غوطہ خوروں کو ویزاگ سے راجمندری بحریہ کے ڈرانیئر جہاز سے کل رات تقریبا11 بجے لے جایا گیا تاکہ وہ پولا ورم کے قریب ووڈا پلی میں لا پتہ افراد کی تلاشی مہم چلا سکیں ۔ ترجمان نے بتایا کہ آج صبح بحریہ کے تین ہیلی کاپٹروں میں اضافی غوطہ خوروں اور ڈرانیئر جہاز سے تکنیکی اور ہوائی ٹرانسپورٹ کنٹرول ٹیم کے ممبروں کو بھی پہلی فلائٹ سے بھیجا گیا تاکہ وہ راحت اور بچاؤ مہم کو تیز کرنے کے علاوہ راجمندری ہوائی اڈہ پر ٹرانسپورٹ سروس کو کنٹرول کر سکیں ۔نیشنل ڈیزاسٹر ریپڈ فورس ( این ڈی آر ایف ) اور ریاستی ڈیزاسٹرریپڈ فورس (ایس ڈی آر ایف ) کے ممبران موقع پر موجود ہیں اور راحت ۔ بچاؤ میں مصروف ہیں ۔ غور طلب ہے کہ آندھرا پردیش کے مغربی ضلع گوداوری میں کل شام ایک کشتی گوداوری ندی میں پلٹ گئی تھی ۔ ناؤ پر سوار درج فہرست قبائل کے افراد دیوی پٹنم سے روز مرہ کی ضروری چیزوں کی خریداری کے بعد نچلے علاقے میں آباد اپنے گھروں کو لوٹ رہے تھے ۔ ذرائع نے بتایا کہ اس دوران اچانک آئی آندھی اور بھنور بننے کی وجہ سے کشتی کا توازن بگڑ گیا اور کشتی پلٹ گئی ۔

TOPPOPULARRECENT