Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / آٹو مالکین اور ڈرائیورس پر عائد کردہ شرائط سے دستبرداری کا مطالبہ تلنگانہ آٹو ڈرائیورس جے اے سی کا بیان

آٹو مالکین اور ڈرائیورس پر عائد کردہ شرائط سے دستبرداری کا مطالبہ تلنگانہ آٹو ڈرائیورس جے اے سی کا بیان

حیدرآباد 2 اگسٹ (سیاست نیوز) تلنگانہ آٹو ڈرائیورس جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کی جانب سے آٹو ڈرائیورس اور آٹو مالکین پر کمشنر ٹرانسپورٹ کے عائد کردہ آٹو فٹنس آٹو پرمٹ رینول کے علاوہ دیگر آر ٹی اے کاموں کے لئے آدھار کارڈس کے لزوم کی برخاستگی کے احکامات جاری کرے بصورت دیگر تلنگانہ آٹو ڈرائیورس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے بطور احتجاج 5 اگسٹ کو ٹرانسپورٹ بھون خیریت آباد کا بڑے پیمانے پر گھیراؤ کیا جائے گا۔ یہ بات آج یہاں کنوینر تلنگانہ آٹو ڈرائیورس جوائنٹ ایکشن کمیٹی مسٹر محمد امان اللہ خان نے پریس کانفرنس میں بتائی۔ انھوں نے بتایا کہ کمشنر محکمہ ٹرانسپورٹ مسٹر سندیپ کمار سلطانیہ رجسٹریشن آٹو فٹنس، آٹو پرمٹ رینول کے علاوہ کسی بھی کام کے لئے دفتر کمشنر سے رجوع ہونے والے آٹو ڈرائیورس اور آٹو مالکین کو آدھار کارڈ کے بغیر کوئی بھی کام انجام دینے سے صاف انکار کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں آٹو ڈرائیوروں اور آٹو کے مالکین کئی مسائل سے دوچار ہورہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ حال ہی میں سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ صادر کردیا ہے کہ حکومت کی کسی بھی اسکیم سے استفادہ کیلئے آدھار کارڈ لازمی نہیں ہے۔ اس کے باوجود محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے آٹو ڈرائیورس اور آٹو مالکین کو آدھار کارڈ کو لازم و ملزوم قرار دیتے ہوئے ہراساں کرنا سپریم کورٹ کے فیصلہ کی سراسر توہین کے مترادف ہے۔ انھوں نے چیف منسٹر تلنگانہ اور ٹرانسپورٹ حکام سے مطالبہ کیاکہ وہ فوری اس جانب توجہ دیتے ہوئے آدھار کارڈ کے لزوم کو برخاستگی کے اقدامات کرے۔ اس موقع پر مسرز مرزا رفعت اللہ بیگ، جے رویندر، ایم اے سلیم، محمود دستگیر، شیخ بدیع الزماں، سید غوث لکی، کے لکشمی نرسیا اور محمد عظیم الدین بھی موجود تھے۔ قبل ازیں مسٹر محمد امان اللہ خان نے آر ٹی اے ظلم بند کرو کے پوسٹرس کی رسم اجراء انجام دی۔

TOPPOPULARRECENT