Thursday , April 19 2018
Home / Top Stories / اپوزیشن ترقیاتی اقدامات میں مانع ، مودی کا الزام

اپوزیشن ترقیاتی اقدامات میں مانع ، مودی کا الزام

بہار میں آر جے ڈی ۔ کانگریس اتحاد پر وزیراعظم کی بالواسطہ تنقید ، نتیش کمار کی ستائش
موتہاری ۔ 10اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے غریبوں کے حالات زندگی کو بہتر بنانے حکومت کی مساعی میں اپوزیشن پر پارلیمنٹ سے لیکر سڑکوں تک رکاوٹیں پیدا کرنے اور سماج کو منتشر کرنے کی کوششوں کاالزام عائد کیا ۔ مودی نے بہار میں آر جے ڈی۔ کانگریس اتحاد کا راست حوالہ دیئے بغیر ریاست میں رشوت ستانی اور سماج دشمن قوتوں کے خلاف لڑائی کیلئے چیف منسٹر نتیش کمار کی ستائش کی اور کہا کہ مرکز اس مہم میں ان کے ساتھ ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ ’’حکومت کے کاموں میں پارلیمنٹ سے لیکر سڑکوں تک رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں ۔ حکومت ایک طرف عوام اور ان کے دلوں کو جوڑنے کیلئے کام کررہی ہے لیکن چند مخالفین سماج کو توڑنے اور بکھیرنے کیلئے کام کررہے ہیں‘‘ ۔ ان کے یہ ریمارک ایس سی ؍ ایس ٹی قانو کو نرم کئے جانے اور اس مسئلہ پر بھارت بند کو اپوزیشن کی تائید کے علاوہ ایسے ہی مختلف مسائل پر پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے علاوہ دلتوں اور قبائیلی تنظیموں کے بند کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں تشدد کے تناظر میں کئے گئے۔ وزیراعظم نے آج یہاں چمپارن ستیہ گرہ کی صد سالہ تقاریب کے ضمن میں افتتاحی تقریب میں 20,000 سے زائد سوچھ بھارت کارکنوں سے خطاب کے دوران دیگر کئی اُمور پر ریمارکس کئے ۔ انھوں نے بہار کی نتیش کمار حکومت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس حکومت نے فائیلوں کو زیرالتواء رکھنے کا کلچر ختم کیا ۔ یہ حکومت اپنا ہرمشن اور ہر عہد عوام کے تعاون سے مکمل کررہی ہے ۔ لیکن یہ تبدیلی ان کے لئے باعث مشکل بن رہی ہے جو تبدیلی کو قبول کرنے کے متحمل نہیں ہیں ‘‘ ۔ وزیراعظم نے کہاکہ ’’بعض ایسے بھی عناصر ہیں جو غریبوں کے حالات زندگی میں بہتری دیکھ کر پریشان ہورہے ہیں۔ وہ محسوس کررہے ہیں کہ اگر غریب بااختیار ہوجائیں گے تو انھیں جھوٹ کے ذریعہ گمراہ کرنا ممکن نہیں رہے گا ۔ چنانچہ پارلیمنٹ سے لیکر سڑکوں تک حکومت کے راستہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ‘‘ ۔ انھوں نے کہاکہ ’’حکومت سارے عوام کو ساتھ لیکر کام کرنے کی کوشش کررہی ہے لیکن ہمارے مخالفین عوام کے ایک طبقہ کو دوسرے کے خلاف اُکسانے میں لگے ہیں‘‘ ۔ مودی نے مزید کہاکہ ’’لیکن میں نتیش جی کے صبر وتحمل اور سماج دشمن عناصر کیخلاف ان کی لڑائی کے انداز کی ستائش کروں گا ‘‘ ۔

TOPPOPULARRECENT