Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / اپوزیشن جماعتوں کے تلنگانہ بند کا ملا جلا اثر ۔ کئی قائدین گرفتار

اپوزیشن جماعتوں کے تلنگانہ بند کا ملا جلا اثر ۔ کئی قائدین گرفتار

حیدرآباد  10 اکٹوبر ( سیاست نیوز) ریاست میں کسانوں کے مسائل پر اپوزیشن جماعتوں اور مختلف عوامی تنظیموں کی اپیل پر آج تلنگانہ بند منظم کیا گیا جس کا ملا جلا اثر رہا ۔ اپوزیشن جماعتوں نے بند کو مکمل کامیاب اور پرامن قرار دیا جبکہ بعض وزراء نے بند کو ناکام قرار دیا ۔ اسی دوران بعض عوامی تنظیموں کے نمائندوں نے بتایا کہ ٹی آر ایس حکومت نے بند کو ناکام بنانے کی ہر ممکنہ کوشش کی اور پولیس عہدیداروں کے ذریعہ بازار ، دوکانوں کو بند کرنے سے روکدیا گیا اور اپوزیشن قائدین کو ہر جگہ گرفتار کرلیا گیا ۔ اس کے باوجود دھرنے ، مظاہرے اور راستہ روکو احتجاج جاری رہے ۔ اپوزیشن قائدین نے بتایا کہ چیمبر آف کامرس کی بند کو تائید حاصل کی جس کی وجہ سے آج تلنگانہ بھر میں تمام دوکانیں و مختلف ادارے بند رہے ۔ اپوزیشن قائدین و عوامی تنظیموں کے نمائندوں نے بالخصوص تمام آر ٹی سی بس ڈپوز کے روبرو صبح کی اولین ساعتوں میں احتجاجی مظاہرہ کرکے بسوں کو باہر نکلنے نہیں دیا ۔ حیدرآباد کے علاوہ اضلاع عادل آباد ، کریم نگر ، نظام آباد ، ورنگل ، کھمم ، نلگنڈہ ، محبوب نگر ، میدک اور رنگاریڈی میں بھی بند پرامن اور جزوی رہنے کی اطلاعات موصول ہوئیں ۔ بند کے موقع پر ضلع و منڈل سطح پر اور اہم شہروں میں اپوزیشن قائدین وکارکنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا ۔ شہر میں آر ٹی سی چوراہے کے پاس سی پی ایم سکریٹری مسٹر ٹی ویرا بھدرم سی پی آئی سابق ایم پی عزیز پاشاہ ، رویندر کمار رکن اسمبلی ، ورا ورا راؤ ، سی ایچ سدھاکر گوردھن و دیگر کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ حیدرآباد میں مختلف بس ڈپوز کے روبرو احتجاج کرکے ڈپو سے بسیس کو روکنے کی کوشش کرنے والے کارگزار صدر تلنگانہ پردیش کانگریس ایم بٹی وکرامارک ، ایم ششی دھر ریڈی  سابق رکن اسمبلی پرکاش گوڑ ، سبیتا اندرا ریڈی ، اندر سین ریڈی ، سدھیر کمار ، پی لکشمنا ، صدر تلنگانہ تلگو دیشم ایل رمنا قائد تلنگانہ تلگو دیشم ای دیاکر راؤ ، سی رامچندرا ریڈی رکن اسمبلی بی جے پی ، ڈاکٹر کے لکشمن قائد بی جے ایل پی ‘قائد اپوزیشن کونسل محمد علی شبیر ایم ایل سی پی سدھاکر ریڈی ، صدر گریٹر حیدآباد کانگریس ڈی ناگیندر و دیگر کو پولیس نے گرفتار کیا ۔ اپوزیشن جماعتوں نے کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے یکمشت رقم جاری کرنے ، کسانوں کے خود کشی واقعات کا انسداد کرنے کے مطالبہ پر ریاست میں آج بند منظم کرنے کی اپیل کی تھی ۔ بند کی وجہ سے تلنگانہ میں حم و نقل اور عوامی سرگرمیاں مفلوج ہو کر رہ گئیں ۔ دوکانات ، سنیما تھیٹرس ، پٹرول بنکس ہوٹلیں بند دیکھے گئے ۔ صبح کی اولین ساعتوں میں اپوزیشن قائدین نے دھرنے مظاہرہ وغیرہ منظم کئے ۔ شہر میں واقع املی بن بس اسٹیشن کے روبرو دھرنا دینے والے کانگریس قائدین اتم کمار ریڈی صدر تلنگانہ کانگریس ڈی ناگیندر ‘انجن کمار یادو سابق ایم پی ، سی پی آئی قائد ڈاکٹر کے نارائنا و دیگر قائدین کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ اسی دوران وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے بتایا کہ اپوزیشن کا تلنگانہ بند ناکام رہا ۔ انہوں نے کہا کہ تعطیل کے دن بند کی اپیل کرنا ہی اپوزیشن کی ناکامی کا اہم ثبوت ہے ۔ اوزیر داخلہ نے کہا کہ محض آئندہ انتخابات میں اپنے مکمل صفایا کو پیش نظر رکھتے ہوئے دل برداشتہ ہو کر اپوزیشن جماعتیں احتجاج کررہی ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT