Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / اپوزیشن جماعتیں تلنگانہ میں ترقیاتی کاموں کو روکنے کوشاں

اپوزیشن جماعتیں تلنگانہ میں ترقیاتی کاموں کو روکنے کوشاں

کانگریس اور تلگودیشم پارٹی پر ٹی آر ایس قائد کے پربھاکر کی تنقید
حیدرآباد 11 ڈسمبر (این ایس ایس) ٹی آر ایس قائد کے پربھاکر نے آج الزام عائد کیاکہ اپوزیشن جماعتیں ریاست تلنگانہ میں ترقیاتی کاموں کو روکنے کی کوشش کررہی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں حسد کے باعث حکومت پر کیچڑ اُچھالنے کی کوشش کررہی ہیں اور کسی وجہ کے بغیر وزراء سے استعفیٰ کا مطالبہ کررہی ہیں۔ مسٹر پربھاکر کے یہ ریمارکس اہمیت کے حامل ہیں کیوں کہ اپوزیشن نے نانک رام گوڑہ میں ہمہ منزلہ عمارت کے منہدم ہوجانے کے واقعہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ ٹی آر ایس قائد نے اپوزیشن کے اس مطالبہ کو مسترد کردیا۔ انھوں نے یہ جاننا چاہا کہ ٹی پی سی سی صدر اتم کمار ریڈی اور کارگذار صدر ملوبٹی وکرمارکا نے سابق حکومت کے دوران تلنگانہ کے لئے کیا کیا۔ مسٹر پربھاکر نے الزام عائد کیاکہ تلنگانہ تحریک کے دوران انھوں نے تلنگانہ ریاست کے قیام کو روکنے کی کوشش کی اور تلنگانہ کے حصول کے بعد اب ریاست کی ترقی کی راہ میں حائل ہورہے ہیں اور رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ہم نے تلنگانہ تحریک کے دوران استعفے دینے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے اور عوام کو یہ معلوم ہے۔ انھوں نے کانگریس اور تلگودیشم پارٹی کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ سیاسی فائدہ کی خاطر جھوٹے الزامات عائد کررہی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT