Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / اپوزیشن کی تنقید سستی شہرت کی حامل

اپوزیشن کی تنقید سستی شہرت کی حامل

گورنر کا خطبہ حکومت کی کارکردگی کا عکاس، ٹی آر ایس ایم ایل سی کے پربھاکر کا بیان
حیدرآباد 10 مارچ (سیاست نیوز) ٹی آر ایس نے گورنر کے خطبہ کو حکومت کی کارکردگی کا عکاس قرار دیتے ہوئے کہاکہ انتخابی نتائج ٹی آر ایس کے حق میں ہونے کے باوجود اپوزیشن جماعتیں تنقید برائے تنقید کرتے ہوئے سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل مسٹر کے پربھاکر نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت نے 20 ماہ عملی اقدامات کرتے ہوئے پچھلے 60 سال میں جو کام نہیں کئے گئے وہ کام انجام دیئے ہیں۔ چیف منسٹر سنہرے تلنگانہ کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے دن رات محنت کررہے ہیں۔ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں شہروں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کو بھی یکساں ترقی دیتے ہوئے اضلاع سے شہر حیدرآباد کے علاوہ دوسرے ریاستوں کو نقل مقام کرنے والے مزدوروں کو دوبارہ اپنے اپنے گاؤں لوٹنے کیلئے مجبور کردیا ہے۔ انھیں دیہی علاقوں میں خوشحال زندگی بسر کرنے کے تمام مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ حکومت کے اقدامات سے تلنگانہ کے عوام مطمئن ہیں ہر انتخاب میں ٹی آر ایس کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے۔ عوامی رائے حکومت کے ساتھ ہونے کا اندازہ کرنے کے باوجود اپوزیشن جماعتیں تنقید برائے تعمیر کے بجائے سستی شہرت کے لئے تنقید برائے تنقید کررہی ہیں۔ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے ساتھ جاری پانی کے تنازعات کو کامیابی کے ساتھ حل کرلیا گیا۔ ہر گھر کو نل کنکشن کے ذریعہ پانی سربراہ کرنے کے واٹر پراجکٹ پر کامیابی سے عمل ہورہا ہے۔ مقررہ مدت سے قبل تلنگانہ کے 6000 مکانات کو نل کنکشن کی سہولت فراہم کردی گئی۔ شہر حیدرآباد کو عالمی طرز پر ترقی دینے کے لئے مکمل انفراسٹرکچر فراہم کیا جارہا ہے اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جارہا ہے۔ حیدرآباد میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے لاء اینڈ آرڈر پر مکمل کنٹرول رکھا گیا ہے۔ ایک لاکھ سی سی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ شی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں اچھے کاموں میں تعاون کرنے کے بجائے ہر کام کی مخالفت کرتے ہوئے ترقی میں رکاوٹ بننے کی کوشش کررہی ہیں لیکن عوام حکمران ٹی آر ایس کے ساتھ ہیں، انتخابی نتائج اس کا ثبوت ہے۔

TOPPOPULARRECENT