Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / اپوزیشن کے الزامات پر کے سی آر برہم

اپوزیشن کے الزامات پر کے سی آر برہم

میں تنگ آچکا ہوں ، ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کا انتباہ
حیدرآباد۔/19مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپوزیشن کو انتباہ دیا کہ اگر حکومت اور اس کی اسکیمات کے خلاف کسی ثبوت کے بغیر کرپشن اور بے قاعدگیوں کے الزامات عائد کئے گئے تو حکومت خاموش نہیں رہے گی اور ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا جائیگا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن کی الزام تراشی کی حد ختم ہوچکی ہے اور مزید الزامات کو برداشت کرنے کیلئے حکومت تیار نہیں۔ جو بھی شخص الزامات عائد کرے اسے اپنے الزامات کے حق میں ثبوت پیش کرنے ہوں گے ورنہ انہیں ہتک عزت کے مقدمہ کا سامنا کرنا پڑیگا۔ چیف منسٹر نے مختلف اسکیمات اور پراجکٹس کے معاملہ میں اپوزیشن کے الزامات پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ الزامات سن کر عاجز آچکے ہیں۔ ان کی حکومت مکمل شفافیت کے ساتھ ترقیاتی اور بھلائی کی اسکیمات پر عمل کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکریٹریٹ میں پیروی اور پیروکاروں پر قابو پانے کیلئے حکومت نے اقدامات کئے ہیں۔ اپوزیشن کو حکومت کے ہر کام میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کرنے کی عادت سی ہوچکی ہے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ ہتک عزت کا مقدمہ معمولی نوعیت کا نہیں ہوگا بلکہ سخت کارروائی کی جاسکتی ہے۔ کے سی آر نے کہا کہ بے بنیاد الزامات کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ نئی ریاست ہے اور اپوزیشن کو تعمیری تجاویز کے ساتھ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے حکومت سے تعاون کرنا چاہیئے۔ انہوں نے آبپاشی پراجکٹس پر کانگریس کی تنقیدوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے اس مسئلہ پر پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کا اعلان کیا تھا لیکن آج تک یہ پیش نہیں کیا جاسکا۔

TOPPOPULARRECENT