Monday , June 18 2018
Home / اضلاع کی خبریں / اچھے اخلاق، بہتر انسان ہونے کی علامت

اچھے اخلاق، بہتر انسان ہونے کی علامت

گورنمنٹ کالج کوہیر میں طلبہ سے مولانا عتیق احمد قاسمی کا خطاب

گورنمنٹ کالج کوہیر میں طلبہ سے مولانا عتیق احمد قاسمی کا خطاب
کوہیر 5 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج سے تقریباً 1500 سال قبل شہر مکہ میں ایک اخلاق حمیدہ کی روشنی کی ایسی کرن پیدا ہوئی جن کے اخلاق سے ساری دنیا میں ایمان کی دولت سے بھٹکی ہوئی انسانیت مالا مال ہوتی جارہی ہے۔ وہ پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و سلم ہیں۔ اسلام صرف اور صرف اخلاق و کردار کی بنیاد پر دنیا کے گوشہ گوشہ میں پھیلتا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا عتیق احمد قاسمی صدر صفا بیت المال ظہیرآباد نے کوہیر گورنمنٹ جونیر کالج میں صفا بیت المال ظہیرآباد کے زیراہتمام منعقدہ جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے مزید کہاکہ کسی شخص کو شخصیت بنانے میں اُس کے اخلاق نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ بہترین انسان وہ ہے جس کے اخلاق اچھے ہوں۔ مولانا نے طلباء کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ وقت کی قدر کریں، وقت کے نامناسب استعمال سے مستقبل میں خسارہ ہوسکتا ہے۔ مولانا عبدالمجیب قاسمی نے مخاطب کرتے ہوئے طلباء و طالبات کو بتایا کہ عصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم کے حصول پر زور دیں اور نمازوں کی پابندی کریں۔ محترمہ عائشہ لکچرار اُردو گورنمنٹ ڈگری کالج نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آج ہم مادی اعتبار سے بہت ترقی کرچکے ہیں، فاصلے ختم ہوچکے ہیں اور اکیسویں صدی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صدی ہے اور آج انسان مادی اعتبار سے ترقی کی تہہ تک پہنچتا جارہا ہے مگر اخلاقی اعتبار سے تنزلی کا شکار ہے اور آج ہم اپنے گھروں میں غیروں کی طرح رہتے ہیں۔ ایک دوسرے کی فکر نہیں کرتے۔ محترمہ بدر سلطانہ لکچرار معاشیات گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآباد نے مخاطب کرتے ہوئے طالبات سے خواہش کی ہے کہ اچھی ماں کا کردار ادا کریں۔ محترمہ عائشہ پروین لکچرار اُردو گورنمنٹ جونیر کالج کوہیر نے افتتاحی کلمات ادا کئے۔ جناب لطیف آرو کوہیر کے مشہور شاعر نے اختتامی کلمات ادا کئے۔ جلسہ کا آغاز عزیزالحسن کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ حمیرہ تبسم نے ہدیہ نعت پیش کی۔ نظامت کے فرائض محمد محبوب لکچرار گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآباد نے انجام دیئے۔ اس موقع پر محمد ماجد علی جنرل سکریٹری صفا بیت المال، محمد سالم، محمد نعیم الدین، محمد جمیل، محمد عبدالسلام لکچرار وقارآباد جونیر کالج، محترمہ فرحین، محترمہ ناظم النساء لکچرار کے علاوہ محمد رفیع الدین و دیگر موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT