Tuesday , December 12 2017
Home / اضلاع کی خبریں / اچھے دن کے نام پر ملک کے عوام کو گمراہ کیا گیا

اچھے دن کے نام پر ملک کے عوام کو گمراہ کیا گیا

سادھوی پراچی کے بیان پر جنرل سکریٹری تلنگانہ پی سی سی کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر سید عظمت اللہ حسینی نے وشوا ہندوپریشد کی قائد سادھوی پراچی کے کانگریس اور مسلمانوں کے خلاف کیے گئے ریمارکس کو ’ پاگل کی بڑبڑ ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نہ ملک سے کانگریس کا صفایا ہوا ہے اور نہ ہی مسلمانوں کا ہوگا انہوں نے کہا کہ سادھوی پراچی دن میں خواب دیکھ رہی ہیں ۔ بی جے پی کی کامیابیاں عارضی ہیں ۔ تبدیلی اور اچھے دن کے نعروں سے ملک کے عوام کو گمراہ کیا گیا مگر بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے کا دو سالہ اقتدار مایوس کن ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام سے کیا گیا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا ۔ حکومت کی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے سادھو پراچی جیسے عناصر کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے تنازعات پیدا کیے جارہے ہیں ۔ ہندوؤں اور مسلمانوں میں نفرت پھیلاتے ہوئے ان میں دوریاں پیدا کی جارہی ہیں ہر مسئلہ کو مذہب سے جوڑ کر سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ کبھی ملک کو ہندو راشٹر بنانے کبھی رام مندر تعمیر کرنے کبھی گاؤ کشی تو کبھی اظہار خیال پر پابندی ، کبھی لوجہاد ، کبھی گھر واپسی کے تنازعات کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی دو سالہ میعاد مکمل کی ہے ۔ عالمی مارکٹ میں تیل کی قیمتوں میں 10 گنا کمی کے باوجود اس کے فائدے سے صارف کو محروم رکھا جارہا ہے ۔ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ہندوستان کی معیشت کو سدھارنے کے لیے جو کوشش کی ہے اس کے مثبت نتائج بی جے پی کو ڈوبنے سے بچا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بی جے پی کی کامیابی عارضی ہے ۔ حالیہ پانچ ریاستوں کے انتخابات میں کانگریس آسام اور کیرالا سے محروم ہوئی ہے مگر ارکان اسمبلی کی کامیابیوں کے لحاط سے کانگریس کا گراف بڑھا ہے اور بی جے پی کا گراف گھٹا ہے ۔ بی جے پی جتنی تیزی سے عروج پر پہونچی ہے اتنی ہی تیزی سے زوال پذیر ہوگی ۔ سارے ہندوستان پر دوبارہ کانگریس کا راج ہوگا ۔ کانگریس ملک کی سب سے قدیم 130 سالہ جماعت ہے جو عوام کے دلوں میں رہتی ہے ہندوتوا طاقتوں نے جو خواب دیکھا ہے وہ کبھی پورا نہیں ہوگا ۔ رہی بات مسلمانوں کی ہندوستان کی جنگ آزادی میں مسلمانوں نے بھی دیگر ابنائے وطن کے ساتھ برابر کی جان و مال کی قربانی دی ہے جب کہ بی جے پی کے بشمول تمام ہندوتوا طاقتوں نے انگریزوں کے مخبر بن کر ہندوستانیوں کو نقصان پہنچایا ہے ۔ وطن کے لیے کسی قسم کی قربانی نہ دینے والی ہندوتوا طاقتیں آج اپنے آپ کو قوم کے سامنے مجاہدین کی طرح پیش کررہے ہیں اور نصاب تعلیم سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے نئی نسل کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT