اچھے ڈاکٹر اور قابل انسان بننے کے لیے طلبہ محنت کریں

گلوبل یونانی میڈیکل کالج حیدرآباد برائے خواتین کی افتتاحی تقریب سے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( راست ) : آج قلب شہر الکاپور نارسنگی روڈ پر گلوبل یونانی میڈیکل کالج کا شاندار افتتاح عمل میں آیا ۔ جس میں جناب زاہد علی خاں کے علاوہ جناب سید عزیز پاشاہ سابق ممبر پارلیمنٹ سرپرست کالج اور یونانی طب کے مشہور و معروف قد آور شخصیات شریک تھیں ۔ اس موقع پر جناب زاہد علی خاں نے طالبات کو یونانی تعلیم کی اہمیت اور افادیت بتلائی ۔ انہوں نے طلباء اورطالبات میں یونانی تعلیم کے فروغ کے لیے کئے گئے مختلف اقدامات سے واقف کروایا ۔ اخبار سیاست اور میناریٹی ڈیولپمنٹ فورم کی جانب سے BUM CET کی تیاری کلاسیس اور اب NEET کی ضروری ٹریننگ منعقد کیے جانے سے واقف کروایا ۔ انہوں نے طالبات کو مشورہ دیاکہ وہ اس سنہری موقع کا فائدہ اٹھائیں اور ایک اچھے ڈاکٹر اور انسان بننے کے لیے محنت کریں ۔ گلوبل یونانی میڈیکل کالج کے سرپرست اعلیٰ جناب سید عزیز پاشاہ نے کالج کے قیام اور مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ آج کے دور میں ایک یونانی کالج کا قیام ایک معجزہ سے کم نہیں ۔ یہ کالج شہر اور اضلاع کی طالبات کے لیے ایک بیش قیمتی تحفہ ہے جس میں متوسط طبقہ کی طالبات علم طب کے زیور سے آراستہ ہو کر قوم کی خدمت کرسکتی ہیں اور دنیا میں اپنا نام و نشاں بنا سکتی ہیں ۔ جناب سید عبدالقیوم چیرمین گلوبل یونانی کالج نے کہا کہ 100 بستروں پر مشتمل ایک انتہائی عصری دواخانہ تمام اقسام کی بیماریوں کے علاج اور غریب مریضوں کی خدمت کے لیے قائم کیا گیا ہے جہاں آوٹ پیشنٹ اور اِن پیشنٹ کا مکمل مفت علاج کیا جاتا ہے ۔ یہ ہاسپٹل پچھلے تین سال سے عوام کی خدمت کررہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گو کہ وہ امریکہ میں پچھلے دس سال سے مقیم ہیں لیکن انہوں نے آج تک ایم بی بی ایس کے مماثل تعلیم اور تربیت کے لیے اس کالج کا قیام عمل میں لایا ہے جس میں صرف اعلیٰ درجہ کی تعلیم پر توجہ دی گئی ہے ۔ انہوں نے تمام والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنی بچیوں کو صحیح معنوں میں اچھے ڈاکٹر بنانے کے لیے تعاون کریں ۔ اورطالبات بہت محنت و جانفشانی سے پڑھیں ۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل یونانی میڈیکل کالج برائے خواتین نہ صرف ہندوستان بلکہ ساری دنیا کا واحد یونانی کالج برائے خواتین ہے ۔ یہ اعزاز صرف حیدرآباد کو حاصل ہے ۔ اس موقع پر پرنسپال کالج پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ اور سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شاہد ، سابق ایڈیشنل ڈائرکٹر ڈاکٹر یوسف علی اور ڈاکٹر حسن احمد رکن سی سی آئی ایم حکومت ہند نے بھی مخاطب کیا ۔ تقریب کا اختتام ایک رنگا رنگ پروگرام پر عمل میں آیا ۔ اس کالج اور ہاسپٹل کو ملک میں سب سے بہترین انفراسٹرکچر اور قابل ڈاکٹرس کے لیے ایک نمایاں مقام حاصل ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT