Tuesday , December 19 2017
Home / دنیا / اڈوانی کی مثال پر ارون جیٹلی کو بھی عمل کرنا چاہئے

اڈوانی کی مثال پر ارون جیٹلی کو بھی عمل کرنا چاہئے

شتروگھن سنہا کا بیان، غلام نبی آزاد کی تائید، مرکزی وزیر فینانس کی قیامگاہ کے روبرو عاپ کا احتجاج
نئی دہلی 23 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا آج کیرتی آزاد کی تائید میں کھل کر سامنے آگئے اور انھوں نے مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی سے خواہش کی کہ وہ اڈوانی کی مثال پر عمل کریں جنھوں نے حوالہ کیس میں ملوث ہونے پر اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ بعدازاں انھیں عدالت نے بے قصور قرار دیا تھا۔ وزیراعظم مودی نے بھی اُنھیں (ارون جیٹلی کو) یہی مشورہ دیا ہے۔ شتروگھن سنہا جن پر پارٹی کی قیادت کئی مسائل کے سلسلہ میں تنقید کرتی آرہی ہے، آج جیٹلی پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ پارٹی ایک مختلف پارٹی بن گئی ہے جس میں باہمی اختلافات ہی اختلاف ہیں۔ شتروگھن سنہا نے غلام نبی آزاد کی ستائش کی جنھوں نے ارون جیٹلی کو ڈی ڈی سی اے میں مبینہ کرپشن کی بناء پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہاکہ ’’آج کے ہیرو‘‘ ہیں۔ انھوں نے پارٹی کو انتباہ دیا کہ وہ کرپشن کے خلاف جدوجہد کرنے والے دوستوں کو دھمکانے کی کوشش نہ کرے کیوں کہ اس سے اُن کی آنتیں گلے پڑجانے کا اندیشہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ جہاں تک مرکزی وزیر فینانس کا سوال ہے، اس مسئلہ سے سیاسی اور قانونی طریقہ سے نمٹنا چاہئے۔

جیسا کہ ہمارے جرأت مند اور حرکیاتی وزیراعظم نے مشورہ دیا ہے۔ ہمارے وزیر فینانس کو اڈوانی جی کی مثال پر عمل کرنا چاہئے اور بے قصور ثابت ہونا چاہئے۔ انھوں نے یہ تبصرہ اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیا۔ وہ واضح طور پر حوالہ مقدمہ میں ملزم نامزد کئے جانے کے بعد اڈوانی کے اپنے عہدہ سے استعفیٰ کا حوالہ دے رہے تھے۔ انھوں نے کہاکہ کیرتی آزاد آج کے ہیرو ہیں۔ اُنھوں نے تمام دوستوں سے پوری انکساری کے ساتھ اپیل کی ہے کہ دکھاوے کی کارروائی نہ کریں ۔ ایسے دوستوں کے خلاف کارروائی نہ کریں جو کرپشن کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں۔ دریں اثناء عام آدمی پارٹی نے مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی کے ڈی ڈی سی اے تنازعہ  کے سلسلہ میں عہدہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے اُن کی قیامگاہ کے بروبرو احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ہزاروں پارٹی کارکن کئی ارکان اسمبلی کی قیادت میں مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی کی قیامگاہ کے روبرو جمع ہوئے اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پولیس نے انھیں متشر کرنے کے لئے آبی توپ استعمال کی اور ہلکا لاٹھی چارج کیا۔

TOPPOPULARRECENT