Wednesday , September 19 2018
Home / ہندوستان / اڈیشہ میں سیلابی صورتحال میں معمولی بہتری

اڈیشہ میں سیلابی صورتحال میں معمولی بہتری

بھونیشور ۔ 8 ۔ اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) اڈیشہ میں طغیانی پر آئی ندیوں کے بہاؤ میں آج کمی نوٹ کی گئی لیکن مہا ندی کے ڈیلٹا علاقہ میں صورت حال ہنوز سنگین ہے جس میں اب تک 35 افراد ہلاک اور دیگر 18 لاکھ افراد شدید طور پر متاثر ہوئے ہیں ۔ دریں اثناء ڈپٹی ریلیف کمشنر پربھات رنجن موہاپترا نے کہا کہ سیلابی صورتحال ہیں حالانکہ معمولی بہتری پیدا ہوئی ہے لیکن کیندراپاڑہ اور پوری جیسے اضلاع میں صورتحال ہنوز سنگین ہے جہاں کئی علاقے زیرآب ہیں ۔ دریائے بیتارانی کی آبی سطح میں کمی کے بعد جاجپور اور بھدرک میں صورتحال بہتر ہورہی ہے جبکہ کئی علاقے زیرآب ہونے کی اطلاعات بھی ہیں ۔ مہا ندی علاقہ میں بارش کی شدت میں کمی کے بعد ہیراکنڈ ڈیم کے 15 گیٹس کو کل مرحلہ وار بند کردیا گیا ۔ ہیراکنڈ کے آبی ذخیرے سے پانی کی نکاسی کیلئے اب 35 گیسٹ کھلے ہوئے ہیں جبکہ کل 50 گیٹس کھُلے ہوئے تھے ۔ ہیراکنڈ ڈیم کے چیف انجینئر بسواجیت موہنتی نے یہ بات بتائی ۔

42 سالہ کسان کی کٹی پھٹی نعش دستیاب
ایروڈ ( ٹاملناڈو ) 8 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک 42 سالہ کسان کی کٹی پھٹی نعش برآمد ہوئی ہے جس کے جسم پر ناخنوں اور کترے جانے کے نشانات موجود ہیں جو تھمیم جنگلات سے ملی ہے جس سے یہ اندازہ لگایا گیا ہیکہ اس پر کسی جنگلی جانور نے حملہ کیا ہوگا ۔ جنگلاتی عہدیداروں نے بتایا کہ نیسان نامی کسان کی کٹی پھٹی نعش ستیہ منگلم ٹائیگر فاریسٹ ریزرو سے برآمد کی گئی ہے ۔ اپنے مویشیوں کو وہاں سے واپس لانے کیلئے وہ خطرناک علاقہ میں داخل ہوگیا تھا اور گھر واپس نہیں آیا جس کے بعد اس کی بیوی اور دیگر رشتہ داروں نے جنگل میں اس کی تلاش شروع کی جہاں کچھ دیر بعد اس کی کٹی پھٹی نعش ملی ۔ جنگلاتی عہدیداروں کو شبہ ہیکہ کسان پر چیتے نے حملہ کیا ہوگا یاد رہے کہ صرف کچھ ہفتوں قبل اسی علاقہ میں دو افراد بشمول ایک فاریسٹ گارڈ کو ایک آدم خور چیتے نے ہلاک کردیا تھا ۔ چیتے کو بعدازاں تلاش کر کے پکڑ لیا گیا تھا اور چینائی کے قریب وینڈالور چڑیا گھر کے حوالے کردیا گیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT