Wednesday , June 20 2018
Home / ہندوستان / اڈیشہ میں مخالف حکومت لہر نہیں : نوین پٹنائک

اڈیشہ میں مخالف حکومت لہر نہیں : نوین پٹنائک

ترقیاتی پروگرامس اور فلاحی اسکیمات پر موثر عمل آوری
بھوبنیشور۔ 19 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر اڈیشہ اور صدر بیجو جنتا دل نوین پٹنائک نے آج دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں ان کی ریاست میں مخالف حکومت لہر جیسی کوئی چیز نہیں ہوگی اور گجرات انتخابی نتائج کے اثرات یہاں مرتب نہیں ہوں گے۔ چیف منسٹر نوین پٹنائک نے گجرات اور ہماچل پردیش میں بی جے پی کی کامیابی پر وزیراعظم نریندر مودی کو مبارکباد پیش کی ۔اس دوران انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ہماری ریاست میں مخالف حکومت لہر جیسی کوئی چیز اثر کرے گی کیونکہ ترقیاتی پروگرامس اور فلاحی اسکیمات ہماری ریاست میں بہتر انداز میں چلائے جارہے ہیں۔ نوین پٹنائک ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو گجرات کے انتخابی نتائج پر کئے گئے سوالات کا جواب دے رہے تھے۔ اڈیشہ میں آئندہ اسمبلی انتخابات 2019ء میں مقرر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات انتخابی نتائج کے اثرات ابھی حال ہی میں منعقد ہونے والے بیجے پور میں بھی مرتب نہیں ہوں گے۔ جہاں پر انتخابی تواریخ کا اعلان کیا جانا باقی ہے۔ دوسری طرف کانگریس نے بھی کچھ اسی طرح کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے گجرات میں بی جے پی کو زبردست ٹکر دی ہے اور گجرات میں بی جے پی کی کامیابی اڈیشہ کی سیاست پر کوئی اثر نہیں ڈالے گی۔ ریاستی اسمبلی میں کانگریس کے وہپ چیف تارا پرساد بہنی پتی نے آج یہ بات کہی، تاہم مرکزی وزیر اور بی جے پی لیڈر دھرمیندر پردھان نے دعویٰ کیا کہ متواتر چھٹویں مرتبہ گجرات اسمبلی میں کامیابی کا اثر بہرکیف اڈیشہ کے اسمبلی انتخابات پر دیکھا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT