Monday , December 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / اکرم کا یونس کو ٹسٹ کرکٹ پر توجہ دینے کا مشورہ

اکرم کا یونس کو ٹسٹ کرکٹ پر توجہ دینے کا مشورہ

کراچی ، 21 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے یونس خان کو صرف ٹسٹ کرکٹ پر توجہ کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ونڈے میں واپسی پر اصرار کرنا تمام فریقوں میں رابطے کا واضح فقدان ہے۔ اکرم کے مطابق بہتر ہوگا کہ یونس اب صرف ٹسٹ کرکٹ پر تمام تر توجہ مرکوز کر کے 50اوور زکی کرکٹ کا آئیڈیا اپنے ذہن سے نکال دیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ نیشنل بیٹسمین، پی سی بی اور سلیکٹرز کے درمیان رابطے کا واضح فقدان محسوس کر رہے ہیں جس کی وجہ سے سینئر بیٹسمین کا بار بار یہ بیان سامنے آرہا ہے کہ وہ ایک بار پھر 50 اوورز کی کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔ زمبابوے کے خلاف حال میں پاکستانی ٹیم کا اعلان ہونے کے بعد یہ بحث ایک بار پھر شروع ہوگئی ہے کہ سلیکٹرز نے تین ونڈے میچوں کیلئے یونس خان کو کیوں نظر انداز کیا۔ تاہم اکرم کے خیال میں یہ زیادہ بہتر ہوگی کہ ایک مرتبہ پی سی بی حکام اور سلیکٹرز یونس کے ساتھ مل کر بیٹھیں اور ان کے مستقبل کی منصوبہ بندی پر بات کریں اور خاص طور پر یہ طے کیا جائے کہ ان کا ونڈے کے بجائے ٹسٹ کرکٹ کھیلنا کیوں ضروری ہے۔ اکرم کے مطابق وہ یونس کو یہی مشورہ دیں گے کہ وہ طویل فارمٹ پر بھرپور توجہ دیں کیونکہ اس میں انہیں بڑی کامیابیاں ملیں گی اور پاکستان کو ٹسٹ کرکٹ میں ان کی ضرورت بھی ہے جہاں وہ تسلسل کے ساتھ عمدہ کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ یونس خان سینیارٹی کے لحاظ سے اس بات کے مستحق ہیں کہ سلیکٹرز انہیں اس بات سے آگاہ کر دیں کہ ونڈے کرکٹ کے لحاظ سے وہ کس مقام پر ہیں مگر اُن کی ذاتی رائے یہی ہے کہ یونس کو ونڈے کھیلنے کی فکر چھوڑ دینا چاہئے۔

TOPPOPULARRECENT