Saturday , January 20 2018
Home / شہر کی خبریں / اکزیکیٹیو ڈائرکٹر اقلیتی مالیاتی کارپوریشن ضلع رنگاریڈی معطل

اکزیکیٹیو ڈائرکٹر اقلیتی مالیاتی کارپوریشن ضلع رنگاریڈی معطل

حیدرآباد کے دفتر میں بھی دھاندلیوں کی شکایت پر خصوصی نگرانی

حیدرآباد کے دفتر میں بھی دھاندلیوں کی شکایت پر خصوصی نگرانی

حیدرآباد۔/14مارچ، ( سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ایکزیکیٹو ڈائرکٹر ضلع رنگاریڈی عبدالحمید کو فوری اثر کے ساتھ معطل کردیا گیا۔ مختلف اسکیمات کے درخواست گذاروں سے بھاری رقومات وصول کرنے کے الزامات کے تحت ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ایکزیکیٹو ڈائرکٹر دفتر میں سپرنٹنڈنٹ اشفاق احمد کو ای ڈی کے عہدہ کی زائد ذمہ داری دی گئی ہے اور انہوں نے نئی ذمہ داری سنبھال لی۔ خودروزگار اسکیم کے درخواست گذاروں سے بھاری رقومات وصول کرنے اور درمیانی افراد کے ذریعہ معاملتیں انجام دینے کی کئی شکایات کے بعد عبدالحمید کے خلاف کل کارروائی کی گئی۔ ان کے دفتر اور مکان سے فائیلوں کو ضبط کیا گیا جو ضلع کلکٹر کی جانب سے منظورہ تھیں لیکن ایک ماہ گذرنے کے باوجود انہوں نے درخواست گذاروں کو منظوری سے متعلق مکتوب حوالے نہیں کیا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تحقیقات کی تکمیل تک معطلی برقرار رہے گی

اور بعد میں تحقیقاتی رپورٹ اور الزامات کی بنیاد پر انہیں میمو جاری کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ کارپوریشن کے بعض اندرونی افراد کی ملی بھگت کے ذریعہ رنگاریڈی کے یہ عہدیدار اس طرح کی سرگرمیاں انجام دے رہے تھے۔ انہوں نے معطلی سے بچنے کیلئے اعلیٰ عہدیداروں سے مختلف ذرائع سے سفارش کی کہ معطلی کی بجائے صرف تبادلہ کردیا جائے تاہم الزامات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے منیجنگ ڈائرکٹر نے معطلی کا فیصلہ کیا۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بھی ان دھاندلیوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ ملوث دیگر افراد کا پتہ چلانے کی ہدایت دی ہے۔ کلکٹر رنگاریڈی نے قرض کی منظوری کے سلسلہ میں914 درخواستوں کی منظوری دی تھی لیکن ایک ماہ گذرنے کے باوجود ابھی تک صرف 172امیدواروں کو منظوری سے متعلق مکتوب جاری کیا گیا۔ 742 منظورہ درخواستیں ابھی بھی ای ڈی کے کنٹرول میں ہیں۔

TOPPOPULARRECENT