Tuesday , August 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / اکمل برادران ورلڈکپ کی پاکستانی ٹیم سے باہر؟

اکمل برادران ورلڈکپ کی پاکستانی ٹیم سے باہر؟

دبئی۔8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھرنے کہا کہ آئندہ سال انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے انگلش وکٹوں کے پیش نظر کھلاڑیوں کا پول بنا لیا ہے وقت آنے پر انہی میں سے 15 نام منظر عام پر لائوں گا اور سلیکٹروں کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے۔ میرے ذہن میں اپنا منصوبہ موجود ہے کہ کن 20 کھلاڑیوں پر اگلے ایک سال کے دوران کام کرنا ہے۔ ابھی سے نام سامنے آنے سے مسئلہ ہوسکتا ہے۔ تاہم حالات ، فٹنس اور فارم کو سامنے رکھتے ہوئے کھلاڑیوں میں معمولی ردو بدل کیا جاسکتا ہے۔ آرتھر چاہتے ہیں کہ محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا معاملہ جلد سے جلد حل ہو جس کے بعد انہیں بھی منصوبہ میں شامل کیا جائے گا کیونکہ اس وقت صرف بیٹسمین کی حیثیت سے محمد حفیظ کے نام پر سوالیہ نشان ہے۔ پول میں اس وقت محمد حفیظ اور شعیب ملک شامل ہیں۔ تاہم وہاب ریاض، سہیل تنویر، سہیل خان، خرم منظور، کامران اکمل ،عمر اکمل ، سلمان بٹ اور محمد سمیع اس منصوبہ میں موجود نہیں۔ حیران کن پیش رفت میں یاسر شاہ کو ورلڈ کپ سے قبل ونڈے میچ کھلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شاداب خان کی فٹنس کو سامنے رکھتے ہوئے یاسر شاہ کو ونڈے میچوں میں کھلایا جائے گا تاکہ وہ ٹرمپ کارڈ ثابت ہوسکیں۔1983میں انگلینڈ کے ورلڈ کپ میں جو رول سابق اسپنر عبدالقادر نے ادا کیا تھا وہی رول یاسر شاہ کو دیا جائے گا۔ یہ بھی تجویز ہے کہ اگر ٹیم انتظامیہ سمجھتی ہے کہ دو لیگ اسپنر کارآمد ہیں تو دونوں کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔ شاداب خان کو بھی احتیاط سے استعمال کرنے اور یاسر شاہ کو تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ذرائع کے بموجب دبئی میں مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کی ملاقات میں انگلینڈ کے کیمپ کے لئے 21 اور ورلڈ کپ کے لئے 20 کھلاڑیوں کی فہرست پر اتفاق ہوگیا ہے۔ 2015 میں آسٹریلیا نیوزی لینڈ میں ہوئے ورلڈکپ میں پاکستان کوارٹر فائنل تک پہنچا تھا۔ باوثوق ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ورلڈ کپ کے لئے 20 کھلاڑی سرفراز احمد (کپتان)، اظہر علی، فخر زمان، احمد شہزاد، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، فہیم اشرف، شاداب خان ، یاسر شاہ، محمد نواز، محمد عامر، حسن علی، عامر یامین، رومان رئیس، عثمان خان شنواری، اسد شفیق، جنید خان اور عماد وسیم ہیں۔

TOPPOPULARRECENT