Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / اگروال اورانمکت چندکی 219رنز کی رفاقت

اگروال اورانمکت چندکی 219رنز کی رفاقت

انڈیااے نے ساؤتھ افریقہ اے کو 8وکٹس سے ہرا دیا ‘آر دھون کو 4وکٹس

چینائی۔9اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) اوپنر مائنک اگروال (130)رنز نے کپتان انمکت چند کے ساتھ  شاندار رفاقت نبھائی اور انڈیا اے نے جنوبی افریقہ اے کو آج 8وکٹس سے شکست دے دی ۔ اس طرح دوسرے ٹرائی سیریز میچ میں اسے ایک بونس پوائنٹ حاصل ہوا ہے ۔ انمکت چند نے 90رنز بنائے ۔ کامیابی کیلئے 245 کا تعاقب کرتے ہوئے انڈیا اے نے یہ نشانہ 37.4 اوورس میں پورا کرلیا ۔ اوپنر اگروال اور انمکت چند نے 219رنز کی ابتدائی رفاقت نبھائی  اور ٹیم کیلئے مستحکم بنیاد رکھی ۔ ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں انڈیا اے کی شاندار کامیابی کے بعد فائنل میں رسائی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں ۔ قبل ازیں ساؤتھ افریقہ اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئنٹن ڈیکاک کے 108 رنز کی بدولت مقررہ 50اوورس میں 244رنز ( آل آؤٹ ) بنائے ۔ میڈیم پیسر رشی دھون نے چار وکٹس لئے لیکن آج کے کھیل میں مرکز توجہ اگراول تھے جنہوں نے 122گیندوں میں 16چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 130 رنز کا شاندار اسکور کیا ۔ جس وقت اگروال موسم کی گرمی اور مسلسل کریز پر رہنے کی وجہ سے تھکاوٹ کا شکار تھے انہیں سوٹسوب نے آؤٹ کیا  اور ٹیم کو کامیابی کیلئے صرف دو رنز کی ضرورت تھی ۔ انمکت چند دوسری متواتر نصف سنچری بنائی لیکن انہیں 10رنز کی وجہ سے سنچری سے محروم ہونا پڑا ۔ انہوں نے 94گیندوں کا سامنا کیا اور 8چوکے اور دو چھکے لگائے ۔

لفٹ آرم بولر لون وابو کی گیند پر  دو مرتبہ ان کا کیچ چھوڑا گیا ۔ دونوں اوپنرس نے ابتداء میں محتاط انداز میں کھیلنا شروع کیا اور پہلے 5.1 اوور میں صرف 2رنز ہی بن سکے تھے ۔ چھٹے اوور میں اگروال نے جارحانہ کھیل کھیلتے ہوئے باؤنڈری لگائی اور اس کے بعد تیز رفتاری سے رنز بنتے رہے ۔ اگروال نے فاسٹ بولر بالخصوص ویل جان کے گیندوں پر زیادہ اسٹروکس لگائے ۔ ساؤتھ افریقہ اے ٹیم دونوں بیٹسمین کے آگے بے بس نظر آرہی تھی ۔ قبل ازیں جنوبی افریقہ اے کی اننگز میں ڈیکاک نے سب سے زیادہ 108رنز اور ڈی جے ولاس نے 50رنز بنائے ۔ مابقی کھلاڑی خاطرخواہ اسکور نہ کرسکے ۔ اوپنر ہینڈرکس ایک رن پر رن آؤٹ ہوئے ۔ بری یون اور ایلگر نے فی کس پانچ رنز بنائے جب کہ زونڈو اپنا کھاتہ نہیں کھول پائے ۔ شیزی اور سوٹسوپ بھی ایک ایک رن پر ہی آؤٹ ہوئے ۔ دھون نے سب سے زیادہ چار وکٹس لئے جب کہ سندیپ شرما کو دو اور کلکرنی‘ کے وی شرما اور اے آر پاٹل کو فی کس ایک ایک وکٹ ملی ۔ ہندوستان اے کو کامیابی کیلئے 245رنز کا نشانہ تھا جو اس نے بہ آسانی پورا کرلیا ۔ اگروال اور انمکت چند کے علاوہ پانڈے (9)اورنائر (4)رنز پر ناٹ آؤٹ رہے ۔ ای لی سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 10اوورس میں74رنز دیئے ۔ ان کے بعد ڈی ایلگر نے 8اوورس میں 69رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کی ۔

TOPPOPULARRECENT