Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / اہلبیت اطہارؓ سے محبت سچے مومن کی پہچان

اہلبیت اطہارؓ سے محبت سچے مومن کی پہچان

شہید اعظم کانفرنس پر اجلاس، ڈاکٹر سید عبدالمعز قادری شرفی ، اقبال احمد رضوی القادری کے خطابات
حیدرآباد۔/24ستمبر، ( راست ) خالق دوجہاں نے دنیا کووجود میں لایا اوراس میں انسان کو بسایا تاکہ انسان وحدہ ، لاشریک کی عبادت کرے اور دنیا و آخرت میں اجرو ثواب کا حقدار بنے۔ لیکن آج ہم دنیاوی زندگی کو سنوارنے کیلئے شب و روز محنتیں و مشقتیں کررہے ہیں، ہم کو احکام اسلام اور سنت نبوی ؐ کی پرواہ نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ نے دن و رات صبح و شام اس لئے بنائے تاکہ انسان ہروقت اس کا ذکر کرے۔ یاد رہے کہ انسان کو ایک نہ ایک دن اس دار فانی سے کوچ کرنا ہے۔ منشائے الٰہی یہی ہے کہ انسان حکم خداوندی کا پابند رہے۔ لوگوں کو برائیوں سے بچانا اور اچھائیوں کی طرف راغب کرنا یہ حکم خداوندی بھی ہے اور سنت رسولؐ بھی ہے۔ اسوہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، اسوہ صحابہ ؓ و اہلبیت اطہار رضی اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین ہمارے لئے مشعل راہ ہیں جنہوں نے دین متین کی تبلیغ و اشاعت کیلئے اپنے آپ کو قربان کردیا۔ آج ہمیں اس بات کی اہم ضرورت ہے کہ ہم حق و باطل کی پہچان کریں۔ اہل بیت اطہار ؓ خصوصاً نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ کی حیات طیبہ ہمارے لئے ایک روشن دلیل ہے جنہوں نے دین حق کیلئے اپنا سب کچھ لٹادیا لیکن اس فانی دنیا کی طلب میں کبھی دل نہ لگایا اور نہ دنیاداروں کا ساتھ دیا۔ ان خیالات کا اظہار مولانا ڈاکٹر سید عبدالمعز قادری شرفی نے کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیراہتمام شہید اعظم کانفرنس منعقد شدنی 30 ستمبر بعد نماز عشاء جامع مسجد چوک ، چارمینار کے ضمن میں اجلاس سے مکتبہ قادریہ اسلامک سنٹر، دبیرپورہ میں کیا۔ صدارت محمد شاہد اقبال قادری ( صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے کی۔ اجلاس کا آغاز قرأت کلام پاک سے ہوا اور بارگاہ رسالت مآب ؐ میں ہدیہ نعت پیش کیا گیا۔ مولانا اقبال احمد رضوی القادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا ہے کہ اہل بیتؓ سے محبت سچے مومن کی پہچان ہے، اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں فرمایا کہ اے محبوب آپ فرمادیجئے کہ اے لوگو! تمہیں میرے ذریعہ دین و دنیا ملی، زندگی کا شعور، معرفت الٰہی حاصل ہوئی، قرآن ، ایمان سب کچھ ملا مگر اس کے بدلے مجھے کچھ نہیں چاہیئے اگر پھر بھی تم نذرانہ عقیدت و محبت پیش کرنا چاہتے ہو تو اس کا اعلیٰ طریقہ یہ ہے کہ میرے قرابت داروں ( اہل بیت ؓ ) سے محبت رکھو۔ مولانا نے کہا کہ اللہ کے رسولؐ نے ارشاد فرمایا حضرت حسنؓ اور حضرت حسینؓ دونوں جنتی جوانوں کے سردار ہیں۔ مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی ( کامل الحدیث جامعہ نظامیہ و نائب صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے کہا کہ اہلبیت اطہارؓ کی شان میں آیات کا نزول فرمایا وہیں نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے کئی ایک احادیث میں اپنے اہلبیت ؓ کی محبت اور اُلفت کرنے والے پر رحمتوں کے نزول کے فرمان جاری فرمایا۔ آج وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہم اہلبیت اطہار ؓ کی حیات طیبہ سے درس لیں اور ہماری زندگیوں میں ایک عظیم اسلامی انقلاب پیدا کریں۔ جناب محمد شاہد اقبال قادری ( صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے بتایا کہ رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام چوتھی عظیم الشان شہید اعظم کانفرنس 30 ستمبر بروز ہفتہ بعد نماز عشاء بمقام جامع مسجد چوک، چارمینار منعقد ہوگی جس میں عالمگیر علمائے اہلسنت کے خطابات ہوں گے۔ عنقریب علماء کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔ اس ضمن میں خصوصی تیاریاں جاری ہیں۔ اجلاس میں ملک ابراہیم خاں خالد، محمد مقبول احمد، سید طاہر حسین، سید عمران، سید عثمان قادری، محمد عبید اللہ سعدی قادری شرفی، سید طاہر علی، حافظ فہیم خان قادری، محمد واصف اکمل، محمد ادریس ، محمد عبدالرزاق و کثیر تعداد میں اراکین نے شرکت کی۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام اور دعاء پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔

TOPPOPULARRECENT