Tuesday , June 26 2018
Home / کھیل کی خبریں / اہلیہ کی خواہش پر سبکدوشی اختیار نہیں کی : کک

اہلیہ کی خواہش پر سبکدوشی اختیار نہیں کی : کک

لندن ۔ 18 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے خلاف ٹسٹ سیریز میں ڈرامائی انداز میں حالات کو تبدیل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے والے انگلش کپتان الیسٹرکک نے انکشاف کیا ہیکہ ان کی اہلیہ نے انہیں قیادت سے سبکدوشی اختیار نہ کرنے پر راضی کیا ہے۔ ہندوستان کے خلاف کامیابی کے بعد بی بی سی ٹسٹ میچ اسپیشل پروگرام سے اظہارخیال کرتے ہوئے جذباتی انگلش کپتان کک نے کہا کہ میری اہلیہ کے بغیر شاید میں اب انگلش ٹیم کا بحیثیت کپتان یہاں کھڑا نہیں ہوسکتا تھا۔ کپتان نے کہا کہ ٹیم کی مسلسل ناکامی کے بعد انہوں نے ذہن بنا لیا تھا کہ قیادت سے کنارہ کشی اختیار کرلی جائے گی لیکن کک کے بموجب ان کی اہلیہ ایلس نے انہیں اس بات پر آمادہ کیا کہ وہ ہندوستان کے خلاف انگلش ٹیم کو بحیثیت کپتان کامیابی دلوائیں۔ کک نے اعتراف کیا کہ سری لنکا کے خلاف دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں شکست اور ہندوستان کے خلاف لارڈ ٹسٹ میں 1-0 کی ناکامی کے بعد سیریز میں خسارہ ہوگیا تھا جس کے بعد وہ قیادت سے سبکدوش ہونے کا فیصلہ کررہے تھے لیکن ان کی اہلیہ نے کہا کہ وہ انگلش ٹیم کی کامیاب قیادت کریں اورہندوستان کے خلاف سیریز میں کامیابی حاصل کریں جس کی بدولت انہیں ایک نیا حوصلہ ملا۔ کک نے کہا کہ اس دوران وہ کافی بکھر چکے تھے لیکن مشکل ترین حالات میں انہوں نے خود کو سنبھال کر رکھا اور کھلاڑیوں نے بہتر مظاہروں کے ذریعہ سیریز میں پیچھے رہنے کے باوجود ایک شاندار کامیابی حاصل کی۔ یاد رہے مسلسل ناقص فام کے بعد کک نے ہندوستان کے خلاف چوتھے اور پانچویں ٹسٹ میں نہ صرف نصف سنچریاں اسکور کیں بلکہ ٹیم کی قیادت میں ٹیم نے اندرون تین دن دونوں مقابلے ایک اننگز سے اپنے نام کرلئے۔

TOPPOPULARRECENT