Monday , December 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی،سری لنکا کے دورۂ پاکستان پر سوالیہ نشان

اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی،سری لنکا کے دورۂ پاکستان پر سوالیہ نشان

چنڈیمل اور متھیوزکا بھی لاہور جانے سے انکار
سری لنکائی کرکٹ بورڈ مجوزہ ٹوئنٹی 20 مقابلے کیلئے ہنوز پر امید

لاہور۔18اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) لاہور میں پاکستان کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز کے لئے سری لنکا کرکٹ ٹیم کا اعلان ابھی نہیں ہوا ہے لیکن اوپل تھرنگا اور ملنگا کے بعد سری لنکا کے دو مزید کھلاڑیوں دنیش چندی مل اور میتھیوز نے بھی لاہور جانے سے انکار کردیا ہے تاہم امارات میں مصروف سری لنکائی ٹیم منیجر اسانکا گروسنہا زیادہ سے زیادہ سرفہرست کھلاڑیوں کو دورے کیلئے آمادہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، اسی سلسلے کی کڑی میں سری لنکائی حکام نے آل راونڈر گونا تھلیکا پر عائد چھ ونڈے میچز کی معطلی کی سزا میں تین میچز کی کمی کر دی ہے۔ اس تاریخی میچ کیلئے سری لنکا کو دورہ کرنے والی ٹیم کو تشکیل دینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ونڈے سیریز کے بعد ٹی20 سیریز کھیلی جائے گی جس کا آخری ٹی20 میچ لاہور میں کھیلا جائے گا اور سری لنکائی کرکٹ نے اس کی منظوری دے دی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے لاہور میں وزیر قانون رانا ثناء اللہ سے ملاقات کی اور انہوں نے کہا کہ مہمان ٹیم کو پہلے سے زیادہ سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ سری لنکائی ٹیم کے کپتان اپل تھرنگا پاکستان آنے سے انکار کے بعد اب کشال پریرا کو قیادت کی ذمے داری سونپے جانے کا امکان ہے۔ سری لنکائی سلیکشن کمیٹی میچ کیلئے 17 اکتوبر کو ابتدائی22رکنی اسکواڈ کا اعلان کرے گی جس کے بعد20 اکتوبرکو 15 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔

سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے ساتھ بورڈ کے صدر تھیلنگا سماتھی پالا بھی لاہور آئیں گے۔ ابوظہبی میں موجودہ ٹیم منیجر اسانکا گروسنہا نے کہا ہے کہ بورڈ لاہور کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیلئے زیادہ سے زیادہ سرفہرست کو ٹیم میں شامل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا اس میچ کو لاہور میں کروانے کا مقصد ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ہے اور اس میں خلل اس وقت پڑا جب سری لنکا کے 40 کھلاڑیوں نے تحریری طور پر اپنے بورڈ کو سیکورٹی خدشات سے آگاہ کیا تھا۔ جبکہ بورڈ نے کہا کہ کھلاڑیوں کے پاس میچ کا مقام متعین کا اختیار نہیں ہم کھلاڑیوں کو قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ گرو سنہا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کھلاڑیوں سے بات کی ہے کہ وہ کوئی راستہ نکالیں۔ کیونکہ ہمارا پاکستان میں صر ف 24 گھنٹے سے بھی کم وقت کیلئے قیام ہو گا۔ مجھے امید ہے کہ کھلاڑی اس بات پر ضرور غور کرینگے۔ گروسنہا نے کہا کہ میں ان کھلاڑیوں کا نام نہیں لونگا لیکن متعدد کھلاڑیوں نے دورہ پاکستان کیلئے مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ گروسنہا کے بموجب سری لنکا 22 ارکان کو منتخب کرے گا جس میں سے صرف 15 دورہ پاکستان کیلئے اسکواڈ میں شامل ہونگے جس کا فیصلہ 20 اکتوبر تک ہو جائے گا۔ دریں اثنا سری لنکا کرکٹ نے آل راونڈر گونا تھلیکا پر عائد چھ ونڈے میچز کی معطلی کی سزا میں تین میچز کی کمی کر دی۔ سری لنکا کرکٹ ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا۔ عام خیال ہے کہ اس کا مقصد ان کی دورہ پاکستان میں دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔ سری لنکا کرکٹ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سنہالیز اسپورٹس کلب نے تھلیکا کی جانب سے سزا میں کمی کی اپیل کی تھی، ہم نے ایگزیکٹو بورڈ کی کمیٹی کے اجلاس میں مشاورت کے بعد ان کی اپیل کو منظور کرلیا ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ورلڈ الیون کے خلاف 3 ٹونئٹی 20 مقابلوں کی سیریز کی کامیاب میزبانی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ ، سری لنکا کی میزبانی کی تیاریاں مکمل کرنے کے علاوہ پُراُمید ہے کہ مہمان ٹیم کی ٹوئنٹی 20 مقابلے کیلئے آمد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھولے گی۔

TOPPOPULARRECENT